اسپورٹس اور یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام ونٹر اسپورٹس کیمپ کامیابی سے مکمل
کراچی(رپورٹ عامر کفایت)
گل بلوچ فٹبال گراؤنڈ، ملیر میں اسپورٹس اور یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے زیرِ اہتمام 23 سے 30 دسمبر 2024 تک جاری رہنے والا ونٹر اسپورٹس کیمپ کامیابی سے مکمل ہوا۔
اس تربیتی کیمپ میں ضلع ملیر کے فٹبال کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی مہارتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین مواقع سے استفادہ کیا۔ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، سنی پرویز نے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
آٹھ روزہ کیمپ کے دوران قومی اور ڈیپارٹمنٹل کوچ، موسیٰ نے جدید فٹبال تکنیکیں سکھا کر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اختتامی تقریب ایک شاندار ایونٹ ثابت ہوئی جس میں اسپورٹس کی ممتاز شخصیات، کوچز، اور گراؤنڈ مین کو سندھ کی روایتی ثقافتی اجرک اور شیلڈز پیش کی گئیں۔
اس کے ساتھ ساتھ معزز مہمانوں نے کیمپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ یہ تربیتی کیمپ نہ صرف کھلاڑیوں کی مہارتوں کو بہتر بنانے کا ذریعہ بنا بلکہ ان میں مزید محنت اور لگن کا جذبہ بھی پیدا کیا۔
اس کامیاب ایونٹ نے ڈسٹرکٹ ملیر میں کھیلوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل کا کردار ادا کیا۔