پاکستان میں کھیل اور کھلاڑی کو ان کا حقیقی مقام دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ؛ عارف سعید
لاہور۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کھیلوں کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج اور کھیلوں کی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال کرنے کیلئے ہمیں مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی بحالی کی راہیں ہموار ہوں سکیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولمپک ہاؤس لاہور میں اپنے عہدے کا چارج سنھبالنے کے بعد ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر پی او اے کے سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود، نائب صدور میجر (ر) ماجد وسیم، عندلیب سندھو، ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد جہانگیر، فنانس سیکریٹری احمد ملک، ایسوسی ایٹ سیکریٹری جنرل تہمینہ آصف،
اولمپک اسپورٹس کے نمائندے حافظ عمران بٹ،محمد ارشد ستار، نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ جاوید لودھی، سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے صدر آصف عظیم اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی کے سیکرٹری جنرل رضوان الحق رضی بھی موجود تھے
صدر پی او اے عارف سعیدکاکہنا تھا کہماضی میں ہم نے پاکستان میں کھیلوں کا سنہرادور دیکھا ہے اور پاکستان بیک وقت کرکٹ،ہاکی،اسنوکر اور اسکوائش کا ورلڈ چیمپئین رہ چکا ہے
تاہم کھیل میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں ہمیشہ کوئی نمبرون نہیں رہتا تاہم بہتری کیلئے کوشیشیں جاری رکھنی چاہئیں عارف سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیل اور کھلاڑی کو ان کا حقیقی مقام دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے
اور تمام اسٹیک ہولڈرزبشمول پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ساتھ لے کرچلیں گے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن بھرپور عزم اور ولولے کا ساتھ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے مشن پر کام جاری رکھے گی
اسپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداران کو مخاطب کرتے ہوئے عارف سعید کاکہنا تھا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر ابتدائی 100 دن اور ایک سال کیلئے بین الاقوامی اور قومی سطح پر اسپورٹس کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں تا کہ ان پر عمل درآمد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔