عبدالحمید کھتری میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کھتری اسپورٹس کے نام
رانا فیصل نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا،نایاب سی سی بھی جیت گئی،
کینٹ اسپورٹس اور صادق جیم خانہ کو شکست
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)
ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون تین کے زیر انتظام عبدالحمید کھتری میموریل ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کھتری اسپورٹس نے جیت لیا جبکہ دوسرے میچ میں نایاب سی سی نے کامیابی حاصل کی۔
افتتاحی میچ میں رانا فیصل علی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے گیند کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا،اس موقع پر زون تین کے صدر محمد رئیس،چوہدری ساجد علی،بھرت کمار،عبدالرحمان بلوچ،قاری عقیل،محمد مظہر،سید عمران علی،ابرار،شہباز نیازی،بابر رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔
KPI جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے افتتاحی میچ میں کھتری اسپورٹس نے کینٹ اسپورٹس کو دل چسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔کینٹ اسپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 122رنز اسکور کئے اس کی جانب سے شہباز نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 36اور صدیق نے تین چوکوں کی مدد سے28رنز بنائے۔
جون عمران نے چار اور رضوان احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جواب میں کھتری اسپورٹس نے سات وکٹوں پر ہدف حاصل کر لیا،انس احمد نے 6چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے50جبکہ بابر رحمان نے 16رنز بنائے۔
کینٹ اسپورٹس کی جانب سے عاقب سعید اور سودیش سلیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔انس احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں نایاب سی سی نے صادق جیم خانہ کو سات وکٹوں سے زیر کر کے اہم کامیابی سمیٹ لی،
صادق جیم خانہ پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر123رنز بنا سکی اس کی جانب سے محمد سلیمان نے42اور حسن نے23رنز بنائے۔نایاب سی سی کے رنگین نے4اور محمد عابد نے تین وکٹیں حاصل کیں،
جواب میں نایاب سی سی نے تین وکٹوں پر ہدف حاصل کر لیا۔ایم عثمان نے 28گیندوں پر61رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جبکہ عاصم نے27رنز بنائے۔حارث نے دو اور اسد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔