پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا آغاز 8 جنوری سے ہوگا۔
فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 9 ڈپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ میں ٹوٹل نو رائونڈز ہونگے، ہر رائونڈ میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔
ہر ٹیم ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میں آٹھ فرسٹ کلاس میچ کھیلے گی۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو پچاس لاکھ روپے جبکہ رنراپ ٹیم کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز کراچی میں چھ مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے۔
ٹاپ دو ٹیمیں فروری میں پہلے رائونڈ کے اختتام پر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی، فائنل 8 سے12 اپریل تک کھیلا جائے گا۔
—————————————
اسلام آباد ؛ 3 جنوری 2025: نوازگوھر
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ بدھ 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا جس میں 9 ٹیمیں ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹائٹل کے لیے سنگل لیگ کی بنیاد پر مقابلہ کریں گی۔ چار میچوں پر مشتمل ہر راؤنڈ کے ساتھ کل نو راؤنڈز کھیلے جائیں گے، تمام میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو پچاس لاکھ روپے جبکہ رنراپ ٹیم کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔
ٹورنامنٹ کا لیگ مرحلہ چھ مقامات پر کھیلا جائے گا جن میں ایچ پی سی اوول گراؤنڈ، کے سی سی اے اسٹیڈیم، نیشنل بینک اسٹیڈیم، این بی پی اسپورٹس کمپلیکس، ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔
8 سے 12 اپریل تک ہونے والے پانچ روزہ فائنل کے مقام کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
نو ٹیموں میں ایشال ایسوسی ایٹس، غنی گلاس، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) خان ریسرچ لیبارٹریز ( کے آر ایل)،
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سوئی ناردن گیس پائپ لائنز ( ایس این جی پی ایل ) اور واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) شامل ہیں۔
ایس این جی پی ایل ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن ہے وہ ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں افتتاحی راؤنڈ میں پی ٹی وی کے خلاف اپنے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کرے گی ۔
واپڈا ٹورنامنٹ کے آخری ایڈیشن میں رنر اپ تھی اور وہ 8 جنوری سے نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
ایشال ایسوسی ایٹس اور او جی ڈی سی ایل، پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو 2023-24 کی فائنلسٹ ٹیمیں ہیں جنہوں نے جون 2024 میں ڈیپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ۔
37 میچوں کے ٹورنامنٹ میں لیگ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل کے لیے، جبکہ سب سے نیچے کی دو ٹیمیں تنزلی کے طور پر پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں پہنچ جائیں گی۔