قائداعظم ٹرافی فائنل: سیالکوٹ 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں پر 59 رنز ۔
نیاز خان کی 4 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی ۔
پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں 159 رنز بناکر آؤٹ ۔
سیالکوٹ کے فاسٹ بولر علی رضا کی 7 وکٹوں کی شاندار کارکردگی۔
کراچی 4 جنوری ۔
پشاور اور سیالکوٹ کے درمیان قائداعظم ٹرافی کا فائنل دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
سیالکوٹ کو میچ جیتنے کے لیے173 رنز کا ہدف ملا ہے لیکن نیاز خان کی چار وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں سیالکوٹ کی 5 وکٹیں صرف 59 رنز پر گرگئی ہیں۔اس طرح اسے جیت کے لیے اب بھی114 رنز درکار ہیں اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل سیالکوٹ کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کی سات وکٹوں کی شاندار پرفامنس کے نتیجے میں پشاور کی اپنی دوسری اننگز میں 159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی ۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے اپنی دوسری اننگز 5 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی لیکن علی رضا اور عماد بٹ کی عمدہ بولنگ کے سبب اس کی چار وکٹیں پہلے ہی سیشن میں 82 رنز پر گرچکی تھیں۔
صاحبزادہ فرحان (5 ) اور اسرار اللہ ( 6 ) کو عماد بٹ نے آؤٹ کیا۔علی رضا نے نبی گل ( 3 ) اور معاذ صداقت کی وکٹیں حاصل کیں۔معاذ صداقت نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57رنز اسکور کیے۔
مہران ابراہیم اور زبیر خان کے درمیان 35 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مہران ابراہیم 32 رنز بناکر علی رضا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد علی رضا نے ابوذر طارق ۔ ساجد خان ۔نیاز خان اور زبیر خان کو بھی آؤٹ کردیا ان میں صرف زبیر خان ہی مزاحمت کرتے ہوئے 28 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔
علی رضا نے جن کا یہ محض دوسرا فرسٹ کلاس میچ ہے 48 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ عماد بٹ نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
واضح رہے کہ اس قائداعظم ٹرافی میں سب سے بہترین بولنگ 57 رنز کے عوض 8 وکٹیں فاٹا کے آفاق آفریدی کی رہی ہے ۔
سیالکوٹ کو دوسری اننگز کی ابتدا ہی میں نقصان اٹھانے پڑے جب نیاز خان نے پہلے عاشر محمود ( 8 ) کی وکٹ حاصل کی اور پھر اذان اویس ( 19 ) اور محسن ریاض ( صفر ) کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔
دوسری جانب عامر خان نے محمد ہریرہ کو 18 رنز پر آؤٹ کیا تو 51 رنز پر 4 وکٹیں گرجانے سے سیالکوٹ کی ٹیم زبردست دباؤ کا شکار ہوگئی تھی۔
55 رنز پر گرنے والی پانچویں وکٹ محمد ولید کی تھی جو ایک رن بناکر نیاز خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کھیل کے اختتام پر کپتان عماد بٹ اور احسن حفیظ بھٹی کریز پر تھے۔