سیالکوٹ نے قائداعظم ٹرافی جیت لی۔
فائنل میں پشاور کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ۔
سیالکوٹ کو جیتنے کے لیے 173 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 9 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
کپتان عماد بٹ کے65 رنز ۔شاہ زیب بھٹی32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ
کراچی 5 جنوری ۔
سیالکوٹ نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پشاور کو ایک وکٹ سے شکست دے کر قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کپتان عماد بٹ اور شاہ زیب بھٹی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے اس جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل میں سیالکوٹ کو جیتنے کے لیے173 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس کی 5 وکٹیں صرف 59 رنز پر گرچکی تھیں اور اسے کامیابی کے لیے مزید 114 رنز بنانے تھے۔
آج سیالکوٹ کے کپتان عماد بٹ اور احسن حفیظ بھٹی نے اننگز شروع کی لیکن صرف 10 رنز کے اضافے پر احسن حفیظ 5 رنز کے انفرادی اسکور پر عامر خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ عامر خان نے افضل منظور کو بھی ایک رن پر آؤٹ کردیا۔
کپتان عماد بٹ کی مزاحمت جاری رہی لیکن جب سیالکوٹ کی ٹیم جیت سے صرف 22 رنز دور رہ گئی تھی وہ 65 رنز بناکر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے ان کی اننگز میں 9چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
شاہ زیب بھٹی اور شعیب اختر نے نویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی21 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا لیکن جب سیالکوٹ کو جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا تو شعیب اختر4 رنز بناکر اسرار اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پر شاہ زیب بھٹی نے ساجد خان کی گیند پر چوکا لگاکر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ انہوں نے51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 32رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
آخری بیٹر علی رضا نے پانچ گیندوں کا سامنا کیا اور وہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور کی طرف سے نیاز خان چار اور عامر خان تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نیاز خان نے میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔
اس قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 844 رنز سیالکوٹ کے نوجوان بیٹر اذان اویس نے اسکور کیے جس میں 4 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پشاور کے نیاز خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 39 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹورنامنٹ میں سب سے کامیاب وکٹ کیپر سیالکوٹ کے 19 سالہ افضل منظور رہے جنہوں نے مجموعی طور پر ایک اسٹمپڈ اور 38 کیچز لیے۔
ٹورنامنٹ میں بہترین انفرادی اننگز لاہور وائٹس کے علی زریاب نے کھیلی انہوں نے سیالکوٹ کے خلاف206 رنز بنائے جبکہ بہترین انفرادی بولنگ فاٹا کے آفاق آفریدی کی رہی جنہوں نے لاہور بلوز کے خلاف 57رنز دے کر8 وکٹیں حاصل کیں۔