کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف فالو آن کا شکار 194 پر آؤٹ
(اصغر علی مبارک)
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی، میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ریان ریکلٹن 259، ٹمبا باؤما 106، کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 194 رنز ہی بناسکی۔
یوں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہوگئی، قومی ٹیم کو فالو آن کا خطرہ ٹالنے کے لیے 416 رنز بنانا ضروری تھی تاہم قومی بیٹنگ لائن پروٹیز باؤلرز کے آگے لڑکھڑاگئی۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں اپنی بیٹنگ کا آغاز کردیا ہے اور قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 421 رنز بنانا ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان پہلی اننگز میں قومی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ٹاپ آرڈر بلے باز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر اور کامران غلام 12 رنز بناکر کھیل کے دوسرے روز ہی آؤٹ ہوگئے تھے۔
پاکستان نے تیسرے دن 3 وکٹ پر 64 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو بابراعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز بناکر کریز پر موجود تھے، بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہیں بڑھاسکے اور 58 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان بھی کریز پر سیٹ ہوگئے تھے لیکن ایک غیر ضروری شارٹ مارنے کے چکر میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سلمان علی آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14، میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا 3، کیشو مہاراج اور کوینا مفاکا 2،2 جب کہ مارکرو جانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔خیال رہے کہ میچ کے پہلے روز ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے،
شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گر گئی،
جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مرکرم 17 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے ویان مُلڈر بھی 5 رنز بنانے کے بعد 70 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے
جب کہ تیسرے نمبر پر آنے والے ٹرسٹن اسٹبز کھاتہ کھولے بغیر ہی آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد پروٹیرز کے کپتان ٹمبا باووما اور ریان رکلٹن نے چوتھی وکٹ پر 235 رنز کی شراکت داری قائم کی
اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لے آئے، ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ریان رکلٹن نے نہ صرف پہلی ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ کریئر بیسٹ 259 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ویرین نے بھی شاندار اننگز کھیل کر اپنی چوتھی سنچری مکمل کی،
مارکرو جانسن نے 62 اور کیشو مہاراج نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جب کہ خرم شہزاد اور میر حمزہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔