قیوم فٹبال اسٹیڈیم میں فٹبال کھیلنے پر پابندی کے باعث اکیڈمی کےکھلاڑیوں کاڈی جی دفترکےسامنےاحتجاج کرنے کا فیصلہ
پشاور: پشاور کے قیوم فٹبال اسٹیڈیم میں فٹبال اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے ڈی جی سپورٹس کے دفترکےسامنے احتجاج کرینگے۔ قیوم سٹیڈیم کے سست رفتاری سے جاری کام کے باعث دوسال تک نہیں کھیلے،
اب سٹیڈیم میں تمام کھلاڑی بشمول اتھلیٹکس کھلاڑی روزمرہ کی بنیاد پرکھیل رہے ہیں لیکن صرف فٹبال کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث کھلاڑی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کھلاڑیوں نے ڈی جی اسپورٹس، ایڈمنسٹریٹر اور دیگر متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کرائیں، لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
اس صورت حال سے مایوس ہو کر کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ قیوم اسٹیڈیم میں ڈی جی اسپورٹس کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔
فٹبال کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں گزشتہ دو سالوں سے جاری تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوسکا ہے، لیکن اس کے باوجود دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ فٹبال کھلاڑیوں کو کھیلنے سے روکا جا رہا ہے۔
کھلاڑیوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا،وزیر کھیل اور سیکرٹری اسپورٹس خیبرپختونخوا سے اپیل کی ہے کہ انہیں کھیلنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنی تربیت جاری رکھ سکیں اور مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔
یہ مسئلہ نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مایوسی کا باعث بن رہا ہے بلکہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔