پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نئے عہدیداران کا اعلان کردیا گیا
پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے دو ترم پالیسی کے تحت اپنے انتظامی عہدوں پر تبدیلی لاتے ہوئے کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ کو صدر اور میجر عرفان یونس سیکرٹری جنرل منتخب کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن بیگم عشرت اشرف کی زیر صدارت پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا اجلاس ہوا، جس میں اتفاق رائے سے کرنل(ر) ناصر اعجاز تنگ کو صدر اور میجر عرفان یونس کو سیکرٹری جنرل منتخب کردیا گیا ،
اس موقع پر دیگر عہدیداران بھی منتخب کیے گئے ،جن میں کیپٹن محمد کامران نائب صدر، سکواڈرن لیڈر محسن علی چودھری ایسوسی ایٹ سیکرٹری منتخب ہوئے، عابدہ چنگیز ایگزیکٹو ممبر جبکہ سابق صدر خالد محمود کو تاحیات اعزازی صدر منتخب کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کی جانب سے خالد محمود کو ایشین باکسنگ کی آئینی کمیٹی کا چیئرمین اور ناصر تنگ کو ایشین باکسنگ کے اولمپک کمیشن کا ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔