بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے دوسری بار ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، اس سے قبل انہوں نے 2023ء جولائی میں ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن چوبیس گھنٹے بعد ہی فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
تمیم اقبال نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہا اور اب یہ میرے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ہے، اس حوالے سے کافی عرصے سے سوچ رہا تھا۔
بنگلہ دیش کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی جیسا بڑا ایونٹ قریب ہے تو میں اپنے آپ کو ڈسکس نہیں کروانا چاہتا، ریٹائرمنٹ یا کھیلنے کا فیصلہ کسی بھی ایتھلیٹ یا کرکٹر کا ذاتی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے بھی میری سلیکشن کے حوالے سے مجھ سے پوچھا مگر میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا، ان تمام افراد کا مجھے اتنا اہم سمجھنے پر شکریہ۔
انہوں نے اپنے فیصلے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا ہے۔
تمیم اقبال نے بنگلا دیش کی جانب سے 70ٹیسٹ 243ون ڈے اور 78ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔