سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز ؛ پاکستان کے کن شہروں میں ہوگی؟

سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کن شہروں میں ہوگی؟نئی تفصیلات آگئیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز ملتان سے لاہور اور کراچی منتقل کر دی ہے، تینوں ٹیموں کے درمیان اب تمام میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں ملتان اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کے باعث پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کے تمام میچز ملتان سے لاہوراور کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق تینوں ٹیموں کے درمیان اب یہ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم، جو پاکستان کے مشہور کرکٹ اسٹیڈیم میں سے ایک ہے، شائقین اور کھلاڑیوں دونوں کے لیے ماحول بہتر بنانے کے لیے بڑی تزئین وآرائش سے گزررہا ہے۔

35,000 افراد کے بیٹھنے کی نئی گنجائش کے ساتھ، اسٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ آرام دہ ماحول کے لیے انتظامات کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔

480 جدید ایل ای ڈی لائٹس اور 2 بڑی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینوں کی تنصیب کے ساتھ نشریات کے معیارکو نمایاں طور پربہتربنایا جائے گا، جو چند روز تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا ہاسپٹلٹی ایریا بھی زیر تعمیر ہے جس کی تکمیل 25 جنوری تک متوقع ہے۔ تزئین و آرائش شدہ اسٹیڈیم اسی مہینے کے آخر تک افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا۔

اسی طرح کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھی کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں جن میں 350 ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب، یونیورسٹی اینڈ میں اپ گریڈڈ ہاسپٹلٹی سیکشن اور شائقین کے لیے 5 ہزار اضافی نشستیں شامل ہیں۔

اگرچہ لاہوراور کراچی کو نمایاں طور اپ گریڈ کیا گیا ہے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی مستقبل کے ایونٹس کے لیے تیار کیا جارہا ہے، اگرچہ معمولی اپ ڈیٹس کے ساتھ۔ اس میں 10,000 نئی کرسیوں کا اضافہ، مہمان خانوں میں اضافہ اور 2 نئی ڈیجیٹل ری پلے اسکرینیں شامل ہیں

تعارف: News Editor