پی سی بی لیول 2 کوچنگ کورس آج سے شروع ہو گیا

پی سی بی لیول 2 کوچنگ کورس آج سے شروع ہو گیا ۔

چھ ٹیسٹ کرکٹرز اور دو انٹرنیشنل کرکٹرز چھ روزہ کورس میں شریک۔

————————————-

لاہور، 14 جنوری۔

پاکستان کے آٹھ انٹرنیشنل کرکٹرز ان 30 شرکاء میں شامل ہیں جو آج سے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہونے والے لیول 2 کوچنگ کورس میں حصہ لے رہے ہیں۔ کورس اتوار 19 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔

ٹیسٹ کرکٹرز میں اظہر علی (97 ٹیسٹ، 53 ون ڈے)، بلاول بھٹی (2 ٹیسٹ، 10 ون ڈے، 9 ٹی ٹوئنٹی ) نوید لطیف ( ایک ٹیسٹ، 11 ون ڈے )، شاداب خان ( 6 ٹیسٹ، 70 ون ڈے، 104 ٹی ٹوئنٹی) وہاب ریاض (27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے، 36 ٹی ٹوئنٹی)

اور یاسر شاہ (48 ٹیسٹ، 25 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی) اس چھ روزہ کورس میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان کے انٹرنیشنل کھلاڑی اسد علی (4 ون ڈے، 2 ٹی ٹوئنٹی) اور پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف (136 ون ڈے، 140 ٹی ٹوئنٹی) بھی اس کورس کے شرکا میں شامل ہیں۔

کورس میں حصہ لینے والوں کو ایڈوانس کوچنگ کی مہارتیں سکھائی جائیں گی جس میں پاور ہٹنگ، جدید تکنیک اور کھیل کے ٹیکٹیکل پہلو شامل ہیں۔ اس کورس میں کمیونیکیشن اسکلز پر بھی کام ہوگا اور کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی طاقت سے متعلق کام کے ساتھ ساتھ جدید دور کی گیم پلاننگ اور اس پر عمل کرنے کا طریقہ بھی شامل ہوگا۔

یہ کورس سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر ڈاکٹر عمران عباس کے ساتھ این سی اے کے کوچز عبدالمجید، افتخار احمد، محتشم رشید، راحت عباس اسدی اور صبور احمد کرائیں گے۔

کورس کے اختتام پر، شرکاء کو اپنی اسائنمنٹس مکمل کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ کامیاب شرکاء کو لیول 2 کوچنگ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

کورس کےشرکاء۔

عبدالناصر، آفاق رحیم، اخلاق احمد، علی منظور، اسد علی، اظہر علی، بادشاہ حسین، بلاول بھٹی، بسمہ معروف، فہد الحق، گلریز صدف، حماد الحسن، عمران، عرفان انور، کاشف پرویز، خالد عثمان محمد آصف حسین، محمد کامران حسین، نوید احمد، نوید لطیف، پرویز اقبال، رمیز احمد، سجاد احمد، شاداب خان، سید علی رضا نقوی، سید حشمت علی شاہ، تیمور خان، عمید آصف، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔

تعارف: News Editor