پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : عمرامین اور عمر صدیق کی سنچریاں
محمد عزب اور مہران سانول کی پانچ پانچ وکٹیں۔
کراچی 15 جنوری ۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات اسٹیٹ بینک کے عمرامین اور ایشال ایسوسی ایٹس کے عمر صدیق کی سنچریاں اور ہائر ایجوکیشن کے محمدعزب اور پی ٹی وی کے مہران سانول کی پانچ پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔
ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کے 93 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 414 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ عمرامین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 34 ویں سنچری اسکور کی اور 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز اسکور کیے۔
فواد عالم 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے15 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ عمران بٹ نے 78 رنز اسکور کیے۔مہران سانول نے103 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 52 رنز بنائے تھے۔ اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اسے اب بھی 270 رنز درکار ہیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیس میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم او جی ڈی سی ایل کے 197 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شاہ زیب خان نے 12 چوکوں کی مدد سے76 رنز کی اننگز کھیلی۔
مشتاق کلہوڑو اور عامر یامین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
او جی ڈی سی ایل نے کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 91 رنز بنائے تھے۔اس طرح اسے 90 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن نے کے آر ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔عبید شاہد 64 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل کے آر ایل کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ مرزا سعد بیگ 66 اور نصیراللہ 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
محمد عزب نے 59 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہائر ایجوکیشن کی مجموعی برتری 162 رنز کی ہوچکی ہے۔
ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم غنی گلاس کے 379 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 293 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی عمرصدیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 چوکوں کی مدد سے 127 رنز اسکور کیے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 16 ویں سنچری ہے۔
اذان اویس 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آفاق آفریدی ۔ رمیز جونیئر اور میرحمزہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنائے تھے اس کی مجموعی برتری 91 رنز کی ہوچکی ہے۔