سندھ اسپیشل گیمز 2025 اختتام پذیر،
جنرل ٹرافی اور 18 گولڈ مڈلز اسپیشل چلڈرن اسکول کار ساز نے جیت لی
کراچی ; سندھ حکومت کے محکمہ کھیل سندھ کی جانب سےمنعقد کردہ سندھ اسپیشل گیمز 2025 کا ایونٹ اختتام پذیرہوگیا، اختتامی تقریب کا انعقاد پاکستان اسپورٹ بورڈ کوچنگ گراؤنڈ میں کیا گیا.
اس موقع پر سیکریٹری کھیل امور نوجوانان عبدالعلیم لاشاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی. تقریب میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے.
جبکہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اسپیشل چلڈرن اسکول کار ساز نے 18 گولڈ مڈلز کے ساتھ جنرل ٹرافی جیت کر اپنے نام کرلی.
اس موقع پر سیکریٹری کھیل سندھ عبدالعلیم لاشاری کا کہنا تھا کہ سندھ میں مختلف کھیلوں کا انعقاد شروع کردیا گیا ہے، اسپیشل گیمز کے ایونٹ میں کراچی کے 12 سو سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی،
ہماری کوشش ہے کہ اس سندھ اسپیشل گیمز کو ڈویژنل سطح پر لے جائیں،تاکہ خصوصی بچے گیمز میں حصہ لیں سکیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جاسکے.
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ساحل سمندر پر کل جمعہ کو بیچ گیمز کا انعقاد ہونے جارہا پے جس میں صوبہ بھر سے ٹیمیں شرکت کریں گی، سندھ بیچ گیمز میں 8 مختلف گیمز شامل ہونگی، ہم تھر میں بھی اسپورٹس گیمز کا انعقادکرانےجارہےہیں،
وہاں جو ثقافتی کھیل ختم ہوتے جارہے ہیں ان کو اب پروموٹ کرنے جارہے ہیں تاکہ تھر کی خوبصورتی پوری دینا دیکھے. عبدالعلیم لاشاری کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کو گیمز میں حصہ لینے پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،
صحت مند معاشرہ صحت مند افراد سے پروان چڑھتا ہے، اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے. اس موقع پر سندھ اسپشل گیمز میں ایتھیلیٹکس، ٹینس، ٹیبل ٹینس،ٹگ آف وار،تیکوانڈو، فٹبال، آرچری، بیڈ منٹن اور دیگر گیمز میں خصوصی بچوں نے حصہ لیا،
حصہ لینے والی ایسوسی ایشن میں سوسائٹی فوب چلڈرن ان نیڈ،آف اسپیشل اٹینشن،کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، یونیورسل ٹیکوانڈو اکیڈمی،
بینائی ویلفیئر ایسوسی ایشن، اسپیشل چلڈرن اسکول کار ساز، الشفا ٹرسٹ سمیت 30 ایسوسی ایشن کو مڈلز اور انعامات سے نوازا گیا.
اس موقع پر اختتامی تقریب میں سابق انٹرنیشنل اور جنوبی ایشیا کی تیز ترین خاتون کھلاڑی نسیم حمید، پارلیمانی سیکریٹری محکمہ کھیل صائمہ آغا، ڈسٹرکٹ ایسٹ اسپورٹس کے انچارج اسماعیل شاہ اور دیگر بھی موجود تھے.