سندھ بیچ گیمز کا دوسرا روز، باکسنگ میں کراچی کے قدیر قمبرانی نے فائنل میں جگہ بنالی
کراچی ; کراچی ساحل سمندر پر سندھ حکومت کی جانب سے سندھ بیچ گیمز کے دوسرے روز سندھ کی6 ڈویژنوں کے درمیان باکسنگ، تھرو بال، والی بال، ہینڈ بال، بیچ ٹینس، کراٹے اور بیڈ منٹن سمیت مختلف گیمز کا انعقاد کیا گیا ہے.
گیمز کے دوسرے روز سیکریٹری عبدالعلیم لاشاری،ضلع جنوبی کراچی کے فرید علی اور سندھ اولمپکس کے اصغر بلوچ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی.
ترجمان محکمہ کھیل سندھ کے مطابق جونیئر کلاس میں کراچی لیاری کے باکسر قدیر قبمرانی نے شہید بینظیر آباد کے عبدالحفیظ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ یوتھ کلاس میں کراچی کے باکسر فیضان علی نے حیدرآباد کے عبد الاحد کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی،
جس کا فائنل کراچی کے فیضان علی اور میرپورخاص کے احمد علی کے درمیان کل اتوار کے روز کھیلا جائے گا. ترجمان محکمہ کھیل کا مزید کہنا تھا کہ ہینڈبال میں لاڑکانہ نے بینظیرآباد کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے
اور دوسرےسیمی فائنل میں حیدرآباد نے کراچی کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے، جبکہ فائنل لاڑکانہ اور حیدرآباد کے درمیان کل ہوگا.
محکمہ کھیل سندھ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بوائز میں بیچ ٹینس میں کراچی اور حیدراباد کے درمیان جبکہ بیچ گیمز کی گرلز کھلاڑیوں کے میرپورخاص اور سکھر کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا.
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تھروبال میں کراچی نے بینظیر آباد کو شکست اور حیدرآباد نے سکھر کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کے درمیان فائنل کل کھیلا جائے گا،
اس کے علاوہ والی بال میں بوائز کیٹیگری میں کراچی نے بینظیر آباد کو شکست دیکر فائنل میں کوالیفائی کرلیا اور سکھر نے بھی میرپورخاص کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے، سندھ بیچ گیمز کی اختتامی تقریب اتوار کے دن 12 بجے ہوگی.