پاکستانی کوہ پیما اسد علی نے دنیا کی سرد ترین چوٹی سر کرلی
پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن نے انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ونسن سرکرلی۔ اسد میمن 7 براعظم کی بلند چوٹیوں کے سفر پر ہیں اور انہوں نے چھٹی چوٹی سر کی ہے۔
ماؤنٹ ونسن 4 ہزار 892 میٹر بلند ہونے کے ساتھ دنیا کی سرد ترین چوٹی تصور کی جاتی ہے۔ اسد میمن کے سیون سمٹ کے سفر کی آخری چوٹی پنچاک جایا باقی ہے، کوہ پیما کا کہنا ہے کہ میری کامیابی ان لوگوں کے نام جو محنت اور عزم پر یقین رکھتے ہیں
اسد علی میمن نے چوٹی سر کرنے کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ جذباتی اور خوش نظر آئے۔ ان کی اس کامیابی کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمر خان نے بھی ایک اور کارنامہ سرانجام دیا اور جنوبی امریکا کی6961 میٹر بلند ماؤنٹ اکونکاگوا کو سر کیا ہے۔ ان دونوں کوہ پیماوں کی کامیابیاں پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنی ہوئی ہیں۔