ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کو 202 رنز کی برتری

ٹیسٹ سیریز:دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف 202 رنز کی برتری

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 202 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے ہیں، میچ کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔

دوسرا روز ; ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز سے کیا، پانچویں وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے 141 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم سعود 84 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ محمد رضوان 71 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 2 اور نعمان علی صفر، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں محض 230 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے 3، 3 جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسپنر ساجد خان نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بعدازاں نعمان علی نے 5 اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ براتھویٹ نے سب سے زیادہ 11، میکائل لوئس ایک، کیسی کارٹی صفر، کیویم ہوج اور جسٹن گریوز 4، 4 ٹیون املاچ 6 رنز بناسکے تھے جبکہ لوئر مڈل آرڈر میں گڈاکیش موتی 19، جومل واریکن 31 اور جیڈن سیلز رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف محض 137 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، انہیں پاکستان کےخلاف 93 رنز کا خسارہ ہے۔

قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا پراعتماد آغاز کیا تاہم کپتان شان مسعود 52 اور محمد ہریرہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے۔

پہلا روز ; سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنالیے، پاکستان صبح ساڑھے 9 بجے اننگز دوبارہ شروع کرے گا۔ میچ کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنیوالے محمد ہریرہ 6، کپتان شان مسعود 11 اور کامران غلام 5، بابراعظم 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس (دھند) خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم امپائرز نے گراؤنڈ فیلڈ کا جائزہ لینے بعد دوپہر 1 بجے ٹاس کروانے اور ڈیڑھ بجے میچ کے آغاز کا اعلان کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل کھڑا کرکے حریف ٹیم کو پریشانی میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی آخری سیریز میں فتح سمیٹ کر سیزن کا اختتام کرنا پہلا ہدف ہے۔

اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی ابتداء میں میزبان ٹیم کےخلاف جلد وکٹیں لیکر انہیں مشکل میں ڈالیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار سپنرز اور ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ نے بھی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

دونوں ٹیمیں 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔ تاہم دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون ;  اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، کیسی کارٹی، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور جیڈن سیلز شامل ہیں

تعارف: News Editor