ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی

ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی ہے۔

قبل ازیں، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی پوری ٹیم 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 5، ابرار احمد نے 4 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو جیت کیلئے 251 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم صرف 123 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستانی سپنر ساجد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

میزبان پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 230 رنز بنائے، پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 84 اور محمد رضوان نے 71 رنز کی اننگ کھیلی۔

پہلی اننگز میں کپتان شان مسعود 11، محمد ہریرہ 6، بابر اعظم 8 ، کامران غلام 5 ، سلمان آغا 2، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں جومل ویریکن اور جیڈن سیلز نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیون سنکلیئر نے 2اور گڈاکش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو پاکستان سپنرز نےا دھیڑ کر رکھ دیا ، پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 5اور ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ ایک وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی، یوں پاکستان نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز پر 93 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 157 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی، پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد ہریرہ 29، کامران غلام 27 اور سلمان آغا 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان ٹیم کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ خرم شہزاد بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 5، سعود شکیل اور محمد رضوان 2،2، نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، یوں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 251 رنز ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ گڈاکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم صرف 123 رنز بنا سکی، پاکستانی سپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں پانچ شکار کیے، ابرار احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار سپنرز اور ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ نے بھی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

دونوں ٹیمیں 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔ تاہم دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔  دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جنوری تک ملتان میں ہی کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کرکٹ کی تاریخ کا 2577 واں میچ تھا۔

یہ میچ اس لحاظ سے بھی تاریخی تھا کہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے مختصر ترین (کیے گئے بولز کے حساب سے) میچوں میں چوتھا مختصر ترین میچ ثابت ہوا۔ میچ کا 125.1 اوورز یعنی 751 گیندوں میں ہی نتیجہ آگیا۔

جمعہ 17 جنوری کو شروع ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ اتوار 19 جنوری کے روز تیسرے دن کے دوسرے سیشن میں ہی اختتام کو پہنچا۔ اس میں اہم ترین کردار پاکستانی بولروں ساجد خان، ابرار احمد اور نعمان علی کا رہا۔ میچ کی تمام 20 وکٹیں پاکستانی سپنرز نے لے لیں۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون ;  اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، کیسی کارٹی، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور جیڈن سیلز شامل ہیں

تعارف: News Editor