سندھ بیچ گیمز کی جنرل ٹرافی کراچی نے 14 گولڈ میڈلز کے ساتھ جیت لی
کراچی ; سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے تحت سہ روزہ سندھ بیچ گیمز رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے،
کلفٹن کے ساحل پر ہونے والے تین روزہ سندھ بیچ گیمز میں کراچی ڈویژن نے 14 گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی سبقت ثابت کرتے ہوئے جنرل ٹرافی حاصل کی، کراچی کے 14 گولڈ میڈلز میں سے 8 باکسنگ میں حاصل کیے ،
حیدرآباد نے دوسری اور سکھر ڈویژن نے تیسری پوزیشن حاصل کی،نشان پاکستان پر منعقدہ اختتامی تقریب میں سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ مہمان خصوصی تھے،
سیکریٹری کھیل و امور نوجوان عبدالعلیم لاشاری نے استقبالی کلمات ادا کیے،اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری برائے کھیل صائمہ آغا، ضلع جنوبی کے فرید اسپورٹس افسر فرید علی،
جنوبی ایشیا کی تیز ترین خاتون کھلاڑی رہنے والی انٹرنیشنل ایتھلیٹ نسیم حمید ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے اصغر بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے،
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کھیلوں کو بہت سپورٹ کیا ہے، آج دور دراز علاقوں کے نوجوان یہاں پہنچے ہیں، حکومت سندھ کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے،
سندھ کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے، باصلاحیت نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہے ہیں. سید ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لیے سندھ پریمیئر لیگ، سندھ جونیئر پریمیئر لیگ شروع کیں، جس میں بڑا ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا،
اس وقت بھی بیچ گیمز میں نوجوانوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو ہارے وہ مزید محنت کریں، کھیلوں کی سرگرمیاں کرانے پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر مبارکباد کے مستحق ہیں،
امید ہے کہ بیچ گیمز کو آئندہ زیادہ منظم اور بہتر طریقے سے منعقد کرا کے سندھ کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا،تین یوم تک جاری رہنے والے سندھ بیچ گیمز میں صوبے کے 6 ڈویژنوں سے 500 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے 8 مختلف کھیلوں میں شرکت کی
اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا،ان میں تھرو بال، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہینڈ بال، والی بال، تھرو بال اور دیگر گیمز شامل ہیں،آخر میں گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے گیے۔