کرکٹ

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : غنی گلاس نے ہائر ایجوکیشن کو 10 وکٹوں سے ہرادیا

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : غنی گلاس نے ہائر ایجوکیشن کو 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

غنی گلاس کے حسیب الرحمن کی میچ میں 9 وکٹیں۔

کے آر ایل کے وقار احمد کی پی ٹی وی کے خلاف سنچری

کراچی 21 جنوری ۔

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے دوسرے دن غنی گلاس نے ہائر ایجوکیشن کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کے حسیب الرحمن نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کی اور شرجیل خان نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس کو ہائر ایجوکیشن کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 102 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے کسی نقصان کے بغیر حاصل کرلیا۔

کاشف علی نے 10 چوکوں کی مدد سے 44 اور شرجیل خان نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔شرجیل خان نے پہلی اننگز میں 75 رنز اسکور کیے تھے۔
اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 152 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ عبداللہ فضل نے تیرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز اسکور کیے۔

حسیب الرحمن نے30 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں اسطرح میچ میں انہوں نے9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
غنی گلاس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی ۔

محمد عزب نے 55 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ ابتک پریذیڈنٹ ٹرافی کے تین میچوں میں22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں تین مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹوں کی عمدہ پرفارمنس بھی شامل ہے۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم واپڈا کے خلاف پہلی اننگز میں 346 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سردار حسن رضا 81 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اصغر درانی۔ علی رضا اور خالد عثمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

واپڈا نے کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر168 رنز بنائے تھے۔ محمد عمار 58 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں کے آر ایل نے پی ٹی وی کے 335 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 286 رنز بنائے تھے۔وقار احمد 12چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 172 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے 242 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

غازی غوری 83 ناٹ آؤٹ عمران بٹ 75 رمیز عزیز 68 اورعمرامین 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ قاسم اکرم اور عرفات منہاس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کے اختتام پر ایس این جی پی ایل نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 78 رنز بنائے تھے۔

Related Articles

Back to top button