پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
اویس جمشید، امہ خلیمہ ، عبداﷲ جان اور تاج مینہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے
پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
اویس جمشید، امہ خلیمہ ، عبداﷲ جان اور تاج مینہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے،
ڈپٹی کمشنر پشاور نے انعامات تقسیم کئے
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ)
پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئے ۔اویس جمشید، امہ خلیمہ ، عبداﷲ جان اور تاج مینہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلئے ۔
مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر) سرمد سلیم اکرم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اصغر سورانی،ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرخان ،
نائب صدر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کفایت اﷲ ، ٹیبل ٹینس کوچز ابصار علی ، اقراءالرحمان ، آمنہ محمود ،پرنسپل ایف جی سکول پشاور میڈم نورین، رابعہ منہاس سپورٹس ہیڈ ، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول کینٹ ون اعجاز احمد سمیت دیگراہم شخصیات موجودتھیں ۔
ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے ریجنل سپورٹس آفس پشاور اور ضلعی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیرنگرانی تین روزہ پشاور ٹیبل ٹینس کپ کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں چار مختلف کیٹگریز میں دوسو سے زائد میل وفمیل کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔
پشاور سپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ مقابلوں کے بوائز سنگل میں اویس جمشید نے مدثر خان کو گیارہ آٹھ، گیارہ نو، چھ گیارہ اور گیارہ سات سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا
گرلز سنگل میں امہ خلیمہ نے خوریہ خمیم کو گیارہ نو، گیارہ پانچ، گیارہ آٹھ اور بارہ دس سے ہراکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ اسی طرح خصوصی افراد کی دو مختلف کیٹگریز میں عبداﷲ جان نے عامر کو 3-1 سے شکست دی جبکہ خواتین کیٹگریز میں تاج مینہ نے ماہ واہ گلشاد کو تین صفر سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند اور فعال بنانے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرے گی تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان کی کھیلوں کے فروغ میں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔