انڑویوزدیگر سپورٹس

صدف آفریدی میں ورلڈ چیمپئن بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، محمد ارشد

صدف آفریدی پاکستان کی سکواش میں نئی امید ہیں، محمد ارشد

صدف آفریدی میں ورلڈ چیمپئن بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، محمد ارشد

صدف آفریدی پاکستان کی سکواش میں نئی امید ہیں، محمد ارشد

پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی فٹبال ٹیم کے کپتان اور قومی ہیرو محمد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسکواش کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی اور نیشنل انڈر 15 پلیٹ ایونٹ چیمپئن صدف آفریدی ایک غیرمعمولی ٹیلنٹ کی مالک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدف آفریدی میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی میں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے صدف آفریدی کی محنت، لگن اور کھیل سے بےپناہ محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو وہ مستقبل میں ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل بھی جیتنے میں کامیاب ہوں گی۔

یہ بات انہوں نے قیوم اسٹیڈیم پشاور کے دورے کے دوران صدف آفریدی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پرصدف افریدی کے والد اورحیات ابادسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹرعابد علی افریدی جواپنےوقت کےباصلاحیت اتھلیٹکس کھلاڑی رہے ہیں بھی موجودتھے۔ محمد ارشد نے اسکواش کورٹس کا دورہ کیا اور صدف آفریدی کے کھیل کا قریب سے جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ صدف کا کھیل اور ان کی مہارت دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ایک دن عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے کھلاڑیوں کو حکومتی اور عوامی سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو نکھارا جا سکے اور وہ مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔

محمد ارشد نے کہا کہ اسکواش کا کھیل ایک وقت میں پاکستان کا فخر تھا اور جہانگیر خان ،قمرزمان اور جان شیر خان جیسے عظیم کھلاڑیوں نے اسے دنیا بھر میں بلند مقام تک پہنچایا۔

اب وقت آ گیا ہے کہ اس کھیل کو دوبارہ عروج پر لے جانے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور رہنمائی کی جائے۔ انہوں نے صدف آفریدی کی کامیابیوں کو نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثال قرار دیا اور کہا کہ ان کی کامیابیوں سے نہ صرف خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اسکواش کے کھیل میں نئے چہرے بھی ابھریں گے۔

صدف آفریدی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیرو محمد ارشد جیسے سینئر کھلاڑیوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں گی اور پاکستان کے لیے بڑے ٹائٹلز جیتنے کا خواب پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔

اس موقع پر موجود دیگر افراد نے بھی محمد ارشد کے خیالات کی حمایت کی اور کہا کہ صدف آفریدی جیسے کھلاڑی پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!