دیگر سپورٹس

کوہاٹ: خیبر پختونخواہ گیمز 2025 کے ٹرائلز کے حوالے سے اہم اجلاس اور اعلان

کوہاٹ: خیبر پختونخواہ گیمز 2025 کے ٹرائلز کے حوالے سے اہم اجلاس اور اعلان

کوہاٹ (نمائندہ خصوصی) 

خیبر پختونخواہ گیمز 2025 کے ٹرائلز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ریجنل اسپورٹس آفیسر کوہاٹ ڈویژن انور کمال برکی نے کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ظہور احمد خان، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (اسپورٹس) عابد شاہ سمیت ضلع کے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبر پختونخواہ گیمز 2025 کے انعقاد اور اس کے بنیادی مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

ریجنل اسپورٹس آفیسر انور کمال برکی نے کہا کہ صوبائی حکومت , ڈائریکٹریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخواہ اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کوہاٹ کی اولین ترجیح ہے کہ ہر ضلع کے نوجوانوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔

یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ کوہاٹ کے نوجوانوں، خواہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں، کو گیمز میں شامل کرنے کے لیے ہم خود ان کے پاس آئے ہیں، تاکہ ہر باصلاحیت کھلاڑی کو ترقی کے برابر مواقع مل سکیں۔

ٹرائلز کا شیڈول: ریجنل اسپورٹس آفیسر انور کمال برکی نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخواہ گیمز 2025 کے بوائز ٹرائلز انشاءاللہ 4 فروری، بروز منگل، صبح 8 بجے کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے..

شرائط: انڈر-22 کھلاڑی، جو کوہاٹ میں رہائش پذیر ہیں، شرکت کے لیے اپنا شناختی کارڈ یا فارم ب لازمی ساتھ لائیں۔

کھلاڑیوں کو کھیلوں کے کسی بھی یونیفارم میں آنے کی ترغیب دی جاتی ہے، تاہم، اگر دستیاب نہ ہو تو شلوار قمیض میں بھی شرکت کی اجازت ہوگی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ظہور احمد خان اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (اسپورٹس) عابد شاہ نے بھی پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اسکولوں کے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو ان ٹرائلز میں شرکت کے لیے تیار کریں، تاکہ حکومت کے کھیلوں کے فروغ کے مشن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس سہولت سے مستفید ہونے کا موقع ملے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کوہاٹ کے کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ خیبر پختونخواہ کے ہر کونے تک یہ پیغام پہنچے کہ کھیل سب کے لیے ہیں، اور حکومت ہر کھلاڑی کو مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

تمام پرنسپلز نے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے طلبہ کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کا عہد کیا..

Related Articles

Back to top button