طویل انجری کے بعد نیمار کی واپسی،کس کلب سے کھیلیں گے؟
طویل انجری کے بعد نیمار کی واپسی،کس کلب سے کھیلیں گے؟
ویب ڈیسک: مایہ ناز فٹبالر نیمار نے طویل انجری کے بعد ایک مرتبہ دوبارہ کھیل کے میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیمار نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ برازیل کے کلب سانتوس میں واپس آ رہے ہیں۔ وہ سعودی عرب میں ایک میچ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
نیمار نے ساؤ پاؤلو کی ٹیم کے ساتھ اپنے ماضی کی تصاویر کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں سانتوس فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدے پر دستخط کروں گا،‘
جہاں فٹ بال آئیکون پیلے نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر حصہ گزارا تھا۔ سانتوس کے ایکس اکاؤنٹ نے نیمار کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا: ’آپ کا گھر آپ کا انتظار کر رہا ہے۔ آپ کے لوگ آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
نیمار کو جمعہ کو کلب کے سٹیڈیو اربانو کالدیرا میں مداحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا، جہاں مقامی موسیقی کے ستاروں کے کنسرٹس بھی ہوں گے۔
نیمار نے، جو برازیل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، اگست 2023 میں الہلال میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تاہم، دو ماہ بعد ایک میچ کے دوران ان کے بائیں گھٹنے میں چوٹ لگ گئی، جس کی وجہ سے وہ ایک سال تک کھیل سے باہر رہے۔
نیمار نے کہا کہ وہ دوبارہ کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور سانتوس جیسا کلب ہی انہیں وہ محبت دے سکتا ہے جس کی انہیں ضرورت ہے۔ 32 سالہ سابق بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین فارورڈ نے الہلال کے لیے صرف سات میچ کھیلے، حالانکہ ان کی سالانہ تنخواہ تقریباً 104 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔
2026 ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران برازیل کے لیے کھیلتے ہوئے، ان کے بائیں گھٹنے میں ایک لیگامینٹ زخمی ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ ایک سال تک کھیل سے باہر رہے۔
پھر جب نیمار نے دوبارہ کھیلنے کی کوشش کی تو انہیں ہیمسٹرنگ اور گھٹنے کی چوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
کلب کے کوچ جارج جیسس نے حال ہی میں کہا: ’وہ اب اس سطح پر نہیں کھیل سکتے جس کے ہم عادی ہیں۔ بدقسمتی سے، ان کے لیے چیزیں مشکل ہو گئی ہیں۔‘
نیمار کو برازیل بھر میں طویل پروازوں کے ساتھ ایک مصروف شیڈول کا سامنا کرنا پڑے گا، جس میں ساؤ پالو سٹیٹ ٹورنامنٹ، برازیلین کپ اور قومی چیمپئن شپ شامل ہیں جو مارچ کے آخر میں شروع ہو رہی ہیں۔
اپنے کیریئر کے آغاز میں انہیں پیلے کا وارث سمجھا جاتا تھا۔تاہم اب برازیل واپسی نیمار کے لڑکھڑاتے کیریئر کا آخری موقع ہو سکتی ہے۔