117 دنوں میں قذافی اسٹیڈیم کی تکمیل – ایک سنگ میل
117 دنوں میں قذافی اسٹیڈیم کی تکمیل – ایک سنگ میل
پاکستان کرکٹ بورڈ 8 فروری کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ سے قبل 7 فروری کو ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ شائقین کرکٹ کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بعد آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی منعقد 2025 ہوگی جو 19 فروری سے شروع ہو گی۔
7 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کرکٹ شائقین مختلف رنگا رنگ تقریبات سے لطف اندوز ہوں گے جن میں لائیو گانا، شاندار آتش بازی، اور ایک منفرد لائٹ شو شامل ہیں۔
معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ برقی پرفارمنس کے ساتھ سٹیج پر جلوہ گر ہوں گے، جس کے بعد شاندار ڈھول پرفارمنس اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔ افتتاحی تقریب، جس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف شرکت کریں گے، شام 5.30 بجے شروع ہو گی۔
خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئر محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی نے ریکارڈ 117 دنوں میں قذافی سٹیڈیم کو ایک جدید ترین سٹیڈیم میں تبدیل کردیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں اب روشن ایل ای ڈی لائٹس اور دو نئی بڑی سکور سکرینز کے علاوہ تمام انکلوژرز میں آرام دہ سیٹیں لگا دی گئی ہیں۔
چیئرمین محسن نقوی نے تعمیر نو کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور مقررہ مدت میں پروجیکٹ مکمل کروانے کے لیے دن رات سٹیڈیم کے دورے کیے۔ ان کی اس لگن کے نتیجے میں اب ایک عالمی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم مکمل ہو چکا ہے جس میں 32 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش بن گئی ہے،
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان:
"ہمارے کرکٹ سٹیڈیمز، خصوصا قذافی سٹیڈیم اب بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار ہو چکے ہیں، اور ہمیں کرکٹ شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر فخر ہے۔ اتنے کم وقت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو ہماری پوری ٹیم کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
"سب سے پہلے، میں ان کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ناممکن کام کو ممکن بنایا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی ٹیموں کی مشترکہ کوششوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ تنقید کے باوجود ہماری ٹیم پرعزم رہی اور اللہ تعالیٰ نے ہماری راہیں آسان کر دیں۔
قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ شائقین بہترین زاویوں سے میچ دیکھیں اور عالمی معیار کے کرکٹ کے تجربے سے لطف اندوز ہوں۔
پی سی بی اعلی درجے کے کرکٹ ایونٹس فراہم کرنے اور پاکستان کو بین الاقوامی میچوں کے لیے ایک بہترین میزبان کے طور پر پیش کرنے کے اپنے مشن میں ثابت قدم رہے گا۔
8 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹرائی سیریز کا پہلا میچ ہونے جا رہا ہے جس کے بعد آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے دلچسپ مرحلے کا آغاز ہو جائے گا۔