”اے ایف ایل لیگ گرلز ٹورنامنٹ 2025ء ” کا فائنل کینگروز نے جیت لیا
اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) ناقابل شکست کینگروز گرلز نے اسلام آباد میں ہونے والے آسٹریلین فٹ بال کی ٹرافی اورگولڈمیڈل اپنے نام کرلیے، فائنل میں ہاکس کو شکست دی۔
پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں اے ایف ایل پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ ”اے ایف ایل لیگ گرلز ٹورنامنٹ 2025ء ” کا فائنل کینگروز اور ہاکس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا
جس میں کینگروز نے ہاکس کی ٹیم کو 14کے مقابلے میں 40گولز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ کینگروز کی ٹیم نے فائنل سمیت پانچوں میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست رہی۔
اے ایف ایل پاکستان کے صدر سردار طارق نے سیکرٹری جنرل چوہدری ذوالفقار کے ہمراہ فاتح ٹیم کو ونزٹرافی ، گولڈمیڈلز اور 20ہزار روپے نقد انعام جبکہ رنراپ ٹیم ہاکس کو سیکنڈ ٹرافی، سلور میڈلز اور10ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔
ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی نورین بیگ ، فائنل کی پلیئر آف دی میچ حاجرہ شکیل اور بہترین دفاعی کھیل پیش کرنے پر تہمینہ اور حمیرہ ارشد کو بھی نقد انعامات سے نوازا گیا۔