خیبرپختونخوا انڈر-19 کرکٹ لیگ ؛ عاجز کرکٹ اکیڈمی باجوڑ کی شاندار کارکردگی
خیبرپختونخوا انڈر-19 کرکٹ لیگ ؛ عاجز کرکٹ اکیڈمی باجوڑ کی شاندار کارکردگی
پشاور (عبدالغفار خان سے)
خیبرپختونخوا انڈر-19 کرکٹ لیگ میں عاجز کرکٹ اکیڈمی باجوڑ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوپ کرکٹ اکیڈمی پشاور کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 100 رنز سے شکست دے دی، یوں لیگ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔
پشاور جمخانہ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں ہوپ کرکٹ اکیڈمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ عاجز کرکٹ اکیڈمی کے بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنائے۔
مجاہد 64، مراد 45، رحیم اللہ 22، عرفان 20 اور نثار 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جواب میں ہوپ کرکٹ اکیڈمی کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عاجز کرکٹ اکیڈمی کے باؤلر رحیم اللہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس عالم نے 2 اور عدنان احمد و احمد نے ایک،
ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر رحیم اللہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ کے مہمانِ خصوصی انصاف اسپورٹس اینڈ کلچر فاٹا کے سابق صدر ملک سعید اورکزی اور رسول گل تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ملک سعید اورکزی کو آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
انہوں نے عاجز کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
عاجز کرکٹ اکیڈمی کل اپنا تیسرا میچ آر جی کرکٹ اکیڈمی کے خلاف کھیلے گی۔