نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سہ ملکی سیریز جیت لی
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سہ ملکی سیریز جیت لی
کراچی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کا تاج نیوزی لینڈ کے سر سج گیا، کیویز نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے دی، بلیک کیپس نے 243 رنزکا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔
کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد سعود شکیل 8 اور بابر اعظم 29 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
رضوان اور سلمان نے ایک بار پھر بہترین پارٹنرشپ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے مجموعی سکور میں 88 رنز کا اضافہ کیا، تاہم کپتان 46 اور نائب کپتان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ طیب طاہر نے بھی 38 رنز بنائے لیکن بعد میں آنے والے بھی سکور کو 242 تک ہی پہنچا پائے، پوری ٹیم آخری اوور میں آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے ول او رو رک نے 4، بریس ویل اور سینٹنر 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسرے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی، ول ینگ 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔
اس کے بعد کین ولیمسن اور کونوے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم 76 کے مجموعی سکور پر ولیمسن 34 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، بعد ازاں کونوے بھی 48 رنز بناکر یویلین لوٹ گئے۔
مچل اور لیتھم نے بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ٹام لیتھم کو دو اوورز میں دو چانس ملے۔
ابرار نے ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو تو کیا لیکن ری ویو نہیں لیا، اس کے بعد اگلے ہی اوور میں شاہین لیتھم کا کیچ نہ کرسکے، مچل اور لیتھم بالترتیب 57 اور 56 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کیویز نے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرتےہوئے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔
پاکستان کے نسیم شاہ نے 2، شاہین، ابرار اور سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے بتایا کہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ، محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، نیوزی لینڈ کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ فائنل کی تیاری کے لیے اچھا وقت مل گیا ہے دوسری جانب پاکستان کیخلاف دوران فیلڈنگ انجرڈ ہونیوالے نیوزی لینڈ کے اسٹار بیٹر راچن رویندرا سہ ملکی سیریز کے فائنل سے باہر ہوگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ اوپنر کی حالت پہلے سے بہتر ہے تاہم وہ تکلیف کے سبب سہ ملکی سیریز کے فائنل سے باہر ہوگئے ہیں، انکی جگہ فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون ؛ اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون ؛ اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں وِل ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مِچل سینٹنر(کپتان)، نیتھن سمتھ، جیکب ڈفی اور وِل او رورک شامل ہیں۔