نیشنل مینز اور ویمنز باکسنگ چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی
مردوں میں نیوی کی دوسری اور واپڈا کی تیسری پوزیشن، ویمنز میں پنجاب دوسرے اور واپڈا تیسرے نمبر پر رہا۔
41ویں نیشنل مینز اور پانچویں ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی۔
مردوں میں نیوی کی دوسری اور واپڈا کی تیسری پوزیشن،
ویمنز میں پنجاب دوسرے اور واپڈا تیسرے نمبر پر رہا۔
کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرہلال امتیاز ملٹری،
ستارہ امتیاز تقریب کےمہمان خصوصی تھے،
جنہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور رنز اپ میں انعامات تقسیم کیے۔
کراچی ; 41ویں نیشنل ایلیٹ مینز اور پانچویں ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ پاکستان آرمی کی واضح برتری کے ساتھ ختم ہو گئی۔پاکستان آرمی نے مینز میں آٹھ اور ویمنز مقابلوں میں سات گولڈ میڈلز جیتے۔
مردوں کے مقابلوں میں پاکسان نیوی نے دو جبکہ ویمنز میں پنجاب نے ایک گولڈ میڈل جیتا۔مجموعی طور پاکستان آرمی نے 15گولڈ میڈلز کے ساتھ نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی جنرل ٹرافی جیتی۔
پاکستان نیوی نے مردوں میں دوسری اور واپڈا نے تیسری پوزیشن پائی جبکہ پنجاب نے ویمنز مقابلوں میں دوسری اور واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ویمنز میں پاکستان آرمی کی فاطمہ زینب اور مینز میں پاکستان نیوی کے محمد افضل چیمپئن شپ کے بہترین باکسر قرار پائے۔
فائیو کور ہیڈ کوارٹر آرمی کراچی کے زیر انتظام اور فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائرکٹوریٹ جی ایچ کیو،پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ 41ویں نیشنل ایلیٹ مینز اور پانچویں ویمنز نیشنل باکسنگ چیمپئن کے چھٹے اور آخری آٹھ فائنلز کھیلے گئے۔
مہمان خصوصی کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرہلال امتیاز ملٹری،ستارہ امتیاز تھے جنہوں نے فاتح اور رنر ٹیموں کو ٹرافیز اور باکسرز میں میڈلز تقسیم کئے۔اختتامی تقریب میں کے پی ٹی کے چیئر مین ریئر ایڈمرل حبیب الرحمان ہلال امتیاز ملٹری اعزازی مہمان تھے،
اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ،سیکریٹری جنرل میجر عرفان یونس،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری خالد محمود،کے پی ٹی کے منیجر اسپورٹس میجر(ر) محمود ریاض،
سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،چیئر مین ریفری و ججز یونس پٹھان،وسیم ہاشمی، کے پی ٹی اسپورٹس آفیسر نرمینہ علی اور دیگر بھی موجود تھے
مہمان خصوصی کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرہلال امتیاز ملٹری،ستارہ امتیاز کا کہنا تھا کہ باکسنگ سے میرا پرانا رشتہ ہے،عظیم باکسر محمد علی کلے کی فائٹس بچپن میں شوق سے دیکھا کرتا تھا،
محمد علی کا شہرہ آفاق گانا بھی میں نے سب سے زیادہ سنا ہے،باکسنگ میرا پہلا جنون بھی ہے،یہ کھیل آپ کو بہت کچھ سکھاتا ہے جس میں پھرتی،ذہنی مضبوطی،جسمانی مشقت اور بہترین فٹ ورک سکھاتا ہے،
میں نے اولمپکس میں حسین شاہ کو اس کے بعد اصغر علی اور دیگر لڑکوں کو بھی فتح پاتے دیکھا،بلوچستان اور دیگر علاقوں نے پاکستان باکسنگ کا علم بلند کر رکھا ہے جو خوش آئند ہے،
میرا ذاتی خیال ہے کہ پاکستان کی تمام خواتین کو بھی باکسنگ سیکھنی چاہئے یہاں جن بچیوں نے باکسنگ فائٹس کی ہیں میں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں۔پاکستان آرمی پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لئے کوششیں اور اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو کامیاب چیمپئن شپ منعقدکروانے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے مقابلوں کے اختتام کا اعلان کرتا ہوں۔
ویمنز57کے جی میں آخری روز کے مقابلوں میں ویمنز57کے جی کے فائنل میں آرمی کی فاطمہ زہرہ نے پاکستان ائر فورس کی بشریٰ اختر کو،ویمنز 51کے جی کے فائنل میں آرمی کی ماریہ رند نے نیوی کی مریم کو اور 60کے جی میں پنجاب کی لارا اکرم نے آرمی کی مہرین بلوچ کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
مردوں کے65کلوگرام کے فائنل میں نیوی کے افضل خان نے آرمی کے ابرار علی کو،مردوں کے 80کلوگرام کے فائنل میں آرمی کے احسان اللہ نے واپڈا کے عامر خان کو،85کلوگرام میں نیوی کے تنویر احمد نے آرمی کے زیشان علی کو،55کلوگرام میں آرمی کے قدرت اللہ نے بلوچستان کے شعیب کو
اور 50کے جی کے فائنل میں آرمی کے محمد فہیم نے بلوچستان کے اصغر علی کو شکست دے کر گولڈ میڈلز جیتے۔
چیمپئن شپ میں 14ٹیموں کے 250سے زائد مرد و خواتین باکسرز نے شرکت کی تھی۔