انٹرزونل کالجیٹ سپورٹس گالا ; پشاور زون کا شاندار راج برقرار رہا
انٹرزونل کالجیٹ سپورٹس گالا 2025 میں بھی پشاور زون کا شاندار راج برقراررہا۔
جنرل ٹرافی ایک بار پہرجیپنے میں کامیاب
غنی الرحمن
کھیل صرف جسمانی مشق نہیں بلکہ عزم، حوصلے اور مہارت کی آزمائش بھی ہوتے ہیں۔ وہ ٹیمیں اور کھلاڑی جو انتھک محنت، مستقل مزاجی اور غیر متزلزل جذبے کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں توتاریخ رقم کرتے ہیں۔
انٹرزونل کالجیٹ سپورٹس گالا 2025 میں پشاور زون نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی اور جنرل ٹرافی اپنے نام کرلی۔
مردوں کے مقابلوں میں گورنمنٹ کالج پشاور کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ خواتین کھیلوں میں گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پشاور زون کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مردوں کےمقابلوں میں گورنمنٹ کالج پشاور نے 42 پوائنٹس کے ساتھ اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔گورنمنٹ کالج کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 12 گیمز میں سے 9 میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں،
جن میں باسکٹ بال، والی بال، تھرو بال، سکواش، کبڈی اور فٹ بال میں پہلی پوزیشن شامل ہے۔ جبکہ ہینڈ بال اور ٹیبل ٹینس میں دوسری اور چک بال میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس شاندار جیت کے پیچھے گورنمنٹ کالج پشاور کے قابل اور تجربہ کار اساتذہ اور کوچز کی محنت نمایاں رہی۔ پروفیسر ارشد حسین، ڈاکٹر ظفر اقبال، پروفیسر ناصر علی، پروفیسر فہد کمال،
پروفیسر محسن اور پرنسپل گورنمنٹ کالج پشاور ڈاکٹر نادر خان بیٹنی کی بہترین رہنمائی نے کھلاڑیوں کو ایک منظم اور پروفیشنل انداز میں کھیلنے کا حوصلہ دیا، جس کے نتیجے میں پشاور زون نے اپنی بالادستی برقرار رکھی۔
اسی طرح خواتین کھیلوں میں گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار کی طالبات نے اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 30 پوائنٹس کے ساتھ انٹرزونل صوبائی چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر کے انہوں نے ثابت کر دیا کہ سخت محنت اور بہترین رہنمائی کے ساتھ کسی بھی میدان میں کامیابی ممکن ہے۔
گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار کی اس شاندار کامیابی کے پیچھے جہاں طالبات کی محنت اور لگن شامل تھی، وہیں پرنسپل رابعہ سکندر اور ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی کی بہترین حکمت عملی اور رہنمائی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کی مسلسل سرپرستی، حوصلہ افزائی اور سخت محنت نے طالبات کو کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کی قیادت میں طالبات نے باسکٹ بال، نیٹ بال، کرکٹ، تھرو بال اور ہاکی میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور متعدد ٹرافیاں جیت کر اپنی برتری ثابت کی۔
یہ شاندار کامیابی نہ صرف کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں اور محنت کی عکاسی کرتی ہے بلکہ کوچز، اساتذہ اور منتظمین کی دانشمندانہ حکمت عملی اور مسلسل محنت کا نتیجہ بھی ہے۔
پشاور زون کی یہ جیت نہ صرف ایک اور ٹرافی کا اضافہ ہے بلکہ کھیلوں کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل بھی ہے، جو آئندہ نسل کے کھلاڑیوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد اور پشاور زون کی شاندار کارکردگی پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور، وزیرہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی، چیئرمین پشاور بورڈ پروفیسر نصراللہ یوسفزئی،
ایڈیشنل سیکرٹری مظہر علی شاہ، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرید اللہ شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر محمد عمران خان نے کھلاڑیوں، کوچز، منتظمین اور تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ پشاور زون آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔
پشاور زون کی یہ شاندار جیت ثابت کرتی ہے کہ کامیابی صرف خواب دیکھنے سے نہیں ملتی بلکہ اس کے لئے مسلسل محنت، لگن اور بہترین حکمت عملی درکار ہوتی ہے۔
انٹرزونل کالجیٹ سپورٹس گالا 2025 میں گورنمنٹ کالج پشاور اور گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پشاور زون کے کھلاڑی ہر میدان میں اپنی برتری ثابت کرنے کے لئے تیار ہیں۔
یقینأیہ جیت نہ صرف ایک ٹرافی کے حصول کی علامت ہے بلکہ تعلیمی اداروں میں ایک مضبوط اور کامیاب کھیلوں کے نظام کی عکاس بھی ہے، جو مستقبل میں مزید کامیابیوں کی راہ ہموار کرے گا۔