خیبرپختونخوا پیڈل بال ایسوسی ایشن ; فواد شہزادہ صدر اورمحمد بلال سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے
خیبرپختونخوا پیڈل بال ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایاگیا،
فواد شہزادہ صدر اورمحمد بلال سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا میں ایک اور جدید کھیل کو فروغ دینے کے لیے خیبرپختونخوا پیڈل سپورٹس ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا،
جس کے تحت فواد شہزادہ کو صدر اور محمد بلال کو سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔ دیگر عہدیداروں کے انتخاب کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ تنظیم اپنی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھا سکے۔
نومنتخب صدر فواد شہزادہ اور سیکرٹری جنرل محمد بلال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیڈل کھیل جیسے تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل کو خیبرپختونخوا میں نہ صرف متعارف کرایا جائے گا بلکہ اسے گراس روٹس لیول سے لے کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھلانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پیڈل بال ایک نیا کھیل ہے، لیکن دنیا بھر میں یہ انتہائی مقبول اور سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل بن چکا ہے۔
پیڈل ایک ایسا تیز رفتار کھیل ہے جو سکواش اور ٹینس کے اصولوں پر مبنی ہے، مگر اس میں ایک منفرد انداز پایا جاتا ہے۔ یورپ اور جنوبی امریکہ میں اس کھیل کی مقبولیت انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے،
جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی یہ کھیل اپنا مقام بنا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں اس کھیل کو مقبول بنانے کے لیے ایسوسی ایشن کا قیام ایک مثبت قدم ہے جو نئے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔
فواد شہزادہ اور محمد بلال نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بے شمار نوجوان ایسے ہیں جو نئے اور غیر روایتی کھیلوں میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن مواقع کی کمی کے باعث اپنی صلاحیتوں کو ظاہر نہیں کر پاتے۔
پیڈل ایسوسی ایشن ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں وہ اپنی مہارتوں کو نکھار سکیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا سکیں گے۔
خیبرپختونخوا پیڈل ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی صوبے کے مختلف اضلاع میں پیڈل بال کے تربیتی کیمپس اور ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے، جہاں کوچنگ سیشنز اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں تعلیمی اداروں اورمحکمہ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس کھیل میں شامل ہو سکیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پیڈل ایسوسی ایشن کا قیام صوبے کے کھیلوں کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے۔ یہ نہ صرف ایک نئے کھیل کی بنیاد رکھنے میں مدد دے گا بلکہ نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرے گا۔
اگر اس کھیل کو درست حکمت عملی کے تحت فروغ دیا جائے تو آئندہ چند سالوں میں خیبرپختونخوا سے بھی قومی اور بین الاقوامی سطح کے پیڈل کھلاڑی سامنے آ سکتے ہیں۔