ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 ؛ شیڈول کا اعلان ، کونسی ٹیم کب ٹکرائے گی؟
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا۔ پشاور 8 اپریل کو نمائشی میچ کی میزبانی کرے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا۔
فائنل18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پشاور 8 اپریل کو نمائشی میچ کی میزبانی کرے گا۔
لاہور : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10، جمعہ 11 اپریل سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ سے شروع ہو گی۔
چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمنیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
آئندہ ایڈیشن میں ایک نمائشی میچ بھی ہوگا جو 8 اپریل کو پشاور میں کھیلا جائے گا۔ میچ کی دونوں ٹیمیں مناسب وقت پر کنفرم کر دی جائیں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 13 مئی کو کوالیفائر 1 سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ایونٹ میں تین ڈبل ہیڈرز بھی ہوں گے جس میں دو میچ ویک اینڈ (ہفتہ) اور ایک قومی تعطیل (یوم مئی ) پر ہوگا۔
کراچی کنگز جو لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی فاتح ہے 12 اپریل کو گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ ملتان سلطانز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کراچی میں کرے گی۔
ملتان سلطانز جو چھٹے ایڈیشن کی فاتح ٹیم ہے اس کا مقابلہ 22 اپریل کو لاہور قلندرز سے ہوگا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ پی ایس ایل 10 کا پہلا میچ ہوگا۔
لاہور کا نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم 24 اپریل کو ایچ بی ایل پی ایس ایل دسویں ایڈیشن کو خوش آمید کہے گا جس میں ساتویں اور آٹھویں ایڈیشن کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کا مقابلہ کرے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 کی چیمپئن پشاور زلمی اپنے پانچ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی جبکہ چوتھے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز قذافی سٹیڈیم میں پانچ میچ کھیلے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ہمیں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تاریخی 10ویں ایڈیشن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہے۔
پچھلی دہائی کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹورنامنٹ بن گیا ہے جس میں پاکستان کی کرکٹ کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔
اس سال کے ٹورنامنٹ میں شائقین نہ صرف ہائی پروفائل بین الاقوامی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں گے بلکہ چار بڑے شہروں کراچی، لاہور ملتان اور راولپنڈی میں 34 زبردست میچز بھی دیکھیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی رسائی کو بڑھانے کے ہمارے عزم کے حصے کے طور پر ہمیں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور میں ایک نمائشی میچ کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے جو پشاور میں اعلیٰ درجے کی کرکٹ لانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو کھیل سے گہری محبت رکھنے والا شہر ہے۔
ہم کھلاڑیوں، شائقین اور اسٹیک ہولڈرز کے تجربے کو بڑھانے کے لیے وقف ہیں جو کئی برسوں کے دوران لیگ میں دلچسپ مقابلے دیکھتے آئے ہیں۔