پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل : پی ٹی وی نے 153 رنز کے ہدف میں سے ایک وکٹ پر69 رنز بنالیے
پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل : پی ٹی وی جیت کے قریب، 153 رنز کے ہدف میں سے ایک وکٹ پر69 رنز بنالیے۔
کپتان عماد بٹ کی عمدہ بولنگ ، 5 وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی 7 مارچ ۔ پی ٹی وی کو اسٹیٹ بینک کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف ملا ہے۔ اس نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 69 رنز بنالیے تھے۔
اس طرح اسے جیت کے لیے مزید 84 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ روزہ فائنل کے تیسرے روز اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز37 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
جس کی وجہ پی ٹی وی کے بولرز کی عمدہ کارکردگی تھی جن میں کپتان عماد بٹ پانچ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
اسٹیٹ بینک کا کوئی بھی بیٹر قابل ذکر پرفارمنس نہ دے سکا۔ رمیز عزیز 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پہلی اننگز میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے سعود شکیل نے 45 عمران بٹ نے42 رنز اسکور کیے۔ آٹھویں نمبر کے بیٹر نیاز خان نے24 رنز بنائے۔
کپتان عمر امین صرف 9 اور فواد عالم 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عماد بٹ سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 84 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔محمد ابتسام اور علی عثمان نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پی ٹی وی کی دوسری اننگز میں امام الحق 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔شامل حسین5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔