ٹٰینس

اسلام آباد میں جدید جِم، اعلیٰ کوچز اور بہترین رہائش، پی ٹی ایف کا بڑا قدم

اسلام آباد میں جدید جِم، اعلیٰ کوچز اور بہترین رہائش، پی ٹی ایف کا بڑا قدم

اسلام آباد : پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے سینئر نائب صدر خواجہ سہیل افتخار نے کہا ہے کہ پی ٹی ایف نے کھلاڑیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔

اسلام آباد میں دلاور عباس ٹینس کمپلیکس میں جدید ترین جِم، معیاری کیفے ٹیریا اور بیرونِ شہر سے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے رہائشی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

اپنے بیان میں، خواجہ سہیل نے کہا کہ یہ قدم پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی کی قیادت میں اٹھایا گیا، جسے ملک بھر کے ٹینس کھلاڑیوں اور اسپورٹس حلقوں میں زبردست پذیرائی ملی ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ٹینس انفراسٹرکچر میں ایک نمایاں اور مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔

1,500 مربع فٹ پر محیط جدید ترین جِم میں لیگ پریس، لیگ کرل، لیگ ایکسٹینشن، کیبل کراس، اور اسپن بائیکس سمیت جدید فٹنس مشینیں نصب کی گئی ہیں،

جو کھلاڑیوں کی جسمانی مضبوطی اور کنڈیشننگ کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوں گی۔ اس کے علاوہ، مرد کھلاڑیوں کے لیے 10 اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے 3 کمرے بھی مختص کیے گئے ہیں، تاکہ بیرونِ شہر سے آنے والے کھلاڑیوں کو قیام کی بہترین سہولتیں میسر آئیں۔

خواجہ سہیل افتخار نے مزید کہا کہ اعصام الحق قریشی نے اپنی ذاتی روابط کو بروئے کار لاتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ کوچ اور ٹرینر رابرٹ ڈیوِس (امریکہ) اور سربیائی فٹنس ماہر لالووچ کی خدمات حاصل کیں۔

ان ماہرین نے دلاور عباس ٹینس کمپلیکس میں دو ہفتوں پر مشتمل خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے، جن سے نوجوان کھلاڑیوں کو بے پناہ فائدہ پہنچا۔

پی ٹی ایف سینئر نائب صدر نے ان اقدامات کو پاکستان میں گراس روٹس سطح پر ٹینس کے فروغ کی جانب ایک شاندار قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ترقیاتی اقدامات نئے ٹیلنٹ کی نشوونما اور پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر مسابقتی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!