دیگر سپورٹس

عالمی سکواش چمپئن جان شیر خان کے گھر ختم القرآن کی روح پرور محفل

عالمی سکواش چمپئن جان شیر خان کے گھر ختم القرآن کی روح پرور محفل

غنی الرحمن

پشاور: سکواش کے سابق عالمی چمپئن اور پاکستان کا فخر، جان شیر خان نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس رمضان المبارک میں بھی اپنے گھر میں تراویح کی باقاعدہ نماز اور ختم القرآن کا خصوصی اہتمام کیا۔

یہ سلسلہ ہر سال کی طرح اس سال بھی روحانیت سے بھرپور ماحول میں جاری رہا، جہاں قرآن پاک کی تلاوت کی خوشبو اور خشوع و خضوع کی کیفیت نمایاں تھی۔

گزشتہ شب 8 مارچ کو جان شیر خان کی رہائش گاہ پر تراویح میں قرآن پاک مکمل ہونے کی سعادت حاصل کی گئی۔ اس بابرکت موقع پر نہ صرف قریبی عزیز و اقارب اور دوست احباب موجود تھے

بلکہ پاکستان کے معروف انٹرنیشنل سکواش پلیئرز بھی شریک ہوئے۔ ان میں احسان اللہ، امجد خان، جان شیر خان کے صاحبزادے علی شیر خان اور ملک ہدایت الحق شامل تھے۔

ختم القرآن کے بعد شرکاء نے آپس میں خوشگوار گپ شپ کی اور دین و دنیا کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران ماضی کی یادیں تازہ ہوئیں، خصوصاً سکواش کے سنہری دور پر بات چیت کی گئی،

جب جان شیر خان نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو محنت، استقامت اور دیانتداری کا سبق دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دنیاوی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ دینی ذمہ داریوں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

اس موقع پر جان شیر خان نے کہا کہ رمضان المبارک بندگی، صبر اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ "ہمیں چاہیے کہ اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادات کریں اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ تراویح اور ختم القرآن کی یہ محفل نہ صرف روحانی سکون کا باعث بنتی ہے بلکہ یہ نسلوں کو دین سے جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔

ملک ہدایت الحق، احسان اللہ اور امجد خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جان شیر خان نہ صرف کھیل کے میدان کے ہیرو ہیں بلکہ دینی شعور رکھنے والے باعمل مسلمان بھی ہیں۔

ان کا ہر سال اپنے گھر میں ختم القرآن کا اہتمام ایک مثبت مثال ہے، جو موجودہ نسلوں کو دین کے قریب لانے میں مددگار ہے۔ اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس ماہ مقدس کی برکت سے امت مسلمہ کو اتحاد، امن اور ترقی عطا فرمائے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!