باڈی بلڈنگ

خیبرپختونخوا کے باڈی بلڈرز کا قومی سطح پر شاندار مظاہرہ کیا

جبکہ جونیئر مسٹر پاکستان کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا

خیبرپختونخوا کے باڈی بلڈرز کا قومی سطح پر شاندار مظاہرہ کیا

جبکہ جونیئر مسٹر پاکستان کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا

پشاور: پاکستان کی سطح پر ہونے والی نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جونیئر مقابلوں کی چیمپئن شپ اپنے نام کر لی،

اورنیشنل سینئر سطح پر بھی خودکو منوایا۔ جبکہ جونیئر مسٹر پاکستان کا اعزاز شبقدر سے تعلق رکھنے والے نوجوان تن ساز خاطر علی نے حاصل کیا، جنہوں نے اپنی مہارت، محنت اور لگن کے ذریعے یہ ٹائٹل جیت کر صوبے کا نام روشن کر دیا۔

پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کے زیر اہتمام، صوبائی باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے تعاون اور خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے اشتراک سے منعقدہ ان مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے جونیئر نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کی چیمپئن ٹرافی اپنے نام کی۔ ان مقابلوں میں شہباز اور خاطر علی نے گولڈ میڈلز جیتے، جبکہ اسد اللہ اختر، اسد خان، ابوبکر اور اسد اللہ نے سلور میڈلز اپنے نام کیے۔

سینئر سطح پر ہونے والے مسٹر پاکستان’ مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے 169 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان آرمی نے 54 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پولیس نے 20 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی

خیبرپختونخوا نے 12 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کی، جو ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ ریلوے کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی ،اسی طرح پنجاب 9 پوائنٹس لیکر چھٹی، سندھ 7پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، بلوچستان 3 پوائنٹس کیساتھ اٹھویں اور اسلام اباد ایک پوائنٹس کیساتھ نویں نمبرپر رہی۔

فزیک کیٹگری میں بھی خیبرپختونخوا کے ایتھلیٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ محمد طارق نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ بشیر اور محسن ایاز نے سلور میڈلز جیتے، اور پوناتھن نے براؤنز میڈل اپنے نام کیا۔

قومی سطح کے ان مقابلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کے صدر، نیز ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی ڈسپلن کمیٹی کے چیئرمین، طارق پرویز کی قیادت میں ان مقابلوں کا انعقاد انتہائی منظم اور شاندار انداز میں کیا گیا۔ کمیٹی کے سیکریٹری ہدایت اللہ خلیل نے بھی انتظامات کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق پرویز کا کہنا تھا کہ ان مقابلوں کے انعقاد میں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان، صوبائی وزیر مینا خان اور ڈی جی سپورٹس عبدالناصر کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔

ان کی سرپرستی اور دلچسپی کے باعث نہ صرف یہ قومی ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا، بلکہ پشاور میں پہلی بار فٹنس چیلنج مقابلوں کا انعقاد بھی ممکن ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے باڈی بلڈرز مستقبل میں بھی اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑی مزید شاندار کارکردگی دکھا کر کلین سویپ کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!