دیگر سپورٹس

انٹرنیشنل جوجِٹسو ایتھلیٹس کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام

متحدہ عرب امارات قونصل جنرل کی رہائشگاہ پر انٹرنیشنل جوجِٹسو ایتھلیٹس کے اعزاز میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام۔

کراچی: متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کی رہائشگاہ پر انٹرنیشنل جوجِٹسو ایتھلیٹس کے اعزاز میں ایک شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں 2025 ایشین یوتھ چیمپئن شپ کے میڈلسٹ کھلاڑیوں سمیت سابقہ بین الاقوامی میڈلسٹ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

یہ خصوصی تقریب متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل اور سندھ جوجِٹسو ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی کی میزبانی میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا:

جوجِٹسو متحدہ عرب امارات میں نہایت مقبول کھیل ہے، جہاں اسکول اور کالج کے طلبہ بھی اس میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ میری دلی خواہش ہے کہ سندھ کے نوجوان بھی اس کھیل میں مہارت حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ:
کھیلوں میں حصہ لینے والے نوجوان نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، برداشت اور خود اعتمادی جیسی خوبیاں بھی حاصل کرتے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ سندھ کے نوجوان جوجِٹسو میں اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کریں گے۔

میں اس کھیل کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کروں گا تاکہ سندھ اور کراچی کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکے۔ میری نیک تمنائیں اور دعائیں سندھ کے تمام نوجوانوں کے ساتھ ہیں۔

سندھ جوجِٹسو ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی نے ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی سندھ کے نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔

ڈاکٹر بخیت الرمیثی کی سرپرستی اور ان کے وژن کی بدولت سندھ کے کھلاڑیوں کو آگے کامیابیوں کےمواقع میسر ھورہےہیں اور ان کی حمایت سے ہمارے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہو رہا ہے، جو انہیں بین الاقوامی چیمپئن بننے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دے گا۔

اس موقع پر موجود ایتھلیٹس اور آفیشلز نے ڈاکٹر بخیت الرمیثی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جوجِٹسو سندھ کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں مزید ترقی کرے گا اور نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!