اے ایم ایف ایشین فٹ سال چیمپئن شپ رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی
اے ایم ایف ایشین فٹ سال چیمپئن شپ رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی،
صدر فیڈریشن حضرت علی خان
اسلام آباد: پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے زیر اہتمام اے ایم ایف ایشین فٹ سال چیمپئن شپ رواں سال 22 سے 28 اکتوبر 2025 ء تک لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔
گزشتہ روز پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے صدر حضرت علی خان کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئن شپ میں ایشیائی ممالک کی سولہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے مضبوط قومی ٹیم تشکیل دی جائے گی جس کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
اس موقع پر اسلام آباد سوکر فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد نے کہا کہ اے ایم ایف ایشین فٹ سال چیمپئن شپ سے ملک میں فٹ سال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور چیمپئن شپ کی میزبانی ملنے پر پاکستانی فٹ سال کے کھلاڑی بہت خوش ہیں۔
رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کی انتھک کوششوں کے بعد اے ایم ایف نے پاکستان کو اے ایم ایف ایشین فٹ سال چیمپئن شپ کی میزبانی دی ہے۔