کبڈی

رواں سال منعقد ہونے والے کبڈی ایونٹس کیلئے بجٹ منظور

رواں سال منعقد ہونے والے کبڈی ایونٹس کیلئے بجٹ منظور

لاہور: پاکستان کبڈی فیڈریشن جنرل کونسل کا مقامی ہوٹل میں 59 واں اجلاس ہوا، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں رواں سال منعقد ہونے والے کبڈی کے ایونٹس کیلئے بجٹ کی منظوری دی گئی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ رواں سال اپریل میں تین ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کبڈی کپ میں پاکستان ،بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیمیں حصہ لیں گی، متحدہ عرب امارات میں کبڈی کا ورلڈ کپ جلد منعقد ہوگا پاکستان کبڈی ٹیم ورلڈ کپ میں بھرپور شرکت کرے گی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں سپورٹس کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، بدقسمتی سے مودی سرکار پاکستان کی نفرت میں اپنی سپورٹس ٹیمیں نہیں بھجواتی، کوشش کریں گے کہ بھارت کی کبڈی ٹیم بابا گرو نانک کبڈی کپ میں ضرور شرکت کرے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح کے پی کے میں بھی کبڈی کے کھیل کو پسند کیا جاتا ہے، کے پی کے میں کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے سپانسر شپ کیلئے بات کریں گے، صوبائی وزیر نے سندھ میں کبڈی کے بڑے ایونٹ کے انعقاد کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

صوبائی وزیر نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے رولز پر عمل درآمد کے بغیر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے انتخابات پر سخت اظہار ناراضی کیا، اجلاس میں کبڈی فیڈریشن کے رولز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن پر اتفاق کیا گیا۔

فیڈریشن کے کونسل اجلاس میں کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے چوہدری شافع حسین اور ان کے خاندان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس اور دیگر امور کی بھی منظوری دی گئی، سیکرٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور نے رواں سال ہونے والے کبڈی کے ایونٹس بارے آگاہ کیا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!