ہمیں پاور پلے میں بہتر ہونے کی ضرورت ہے ; سلمان آغا
ہمیں پاور پلے میں بہتر ہونے کی ضرورت ہے: کپتان سلمان آغا
ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے کپتان سلمان آغا نے نیوزی لینڈ ٹیم کے ہاتھوں دوسری بار شکست کے بعد کہا ہے کہ ہمیں پاور پلے میں بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔ سلمان آغا نے کہا ہے کہ گزشتہ میچ کے مقابلے یہ ایک اچھا کھیل تھا،
ایک بیٹنگ یونٹ کے طور پر ہمیں بہتر پاور پلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پچ پر اچھی بولنگ کی، فیلڈنگ بھی شاندار تھی، حارث رؤف نے اچھی بولنگ کی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مائیکل بریسویل نے جیت کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے بولرز نے بہت اچھی بولنگ پرفارمنس دکھائی۔ ان کا کہنا ہے کہ تیز ہوا میں بولنگ کرانا مشکل تھا، ڈیتھ بولرز نے واقعی اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ڈونیڈن میں کھیلا گیا جہاں بارش کی وجہ سے ٹاس اور میچ اپنے مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے شروع ہوا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم بارش کے باعث 5، 5 اوورز کم کر کے میچ کی فی اننگز 15 اوورز کی کر دی گئی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا جسے کیوی ٹیم نے باآسانی چیز کر لیا۔ واضح رہے کہ میزبان نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔