سپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز میں شریک قومی دستہ کے اعزاز میں افطار ڈنر
سپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز میں شریک قومی دستہ کے اعزاز میں افطار ڈنر
کراچی: پاکستان سپیشل اولمپکس کے تحت سپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز 2025 میں شرکت کرنے والے قومی دستے کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان سپیشل اولمپکس کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں سندھ کے وزیر کھیل محمد بخش خان مہر، کھلاڑیوں، کوچز، منتظمین، والدین، سرپرستوں اور فنکاروں سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ان میں برانڈ ایمبیسڈر ثروت گیلانی، فیصل کپاڈیہ اور پی او اے کی ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل تہمینہ آصف بھی شامل تھے۔ 8 سے 15 مارچ تک اٹلی کے شہر ٹیورین میں ہونے والے عالمی گیمز میں پاکستان کے سپیشل ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر 11 میڈلز حاصل کیے،
سنو شوئنگ کے مقابلوں میں قومی کھلاڑیوں نے 6 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے جبکہ کراس کنٹری سکنگ میں 2 گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتا۔
سپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے استقبالی کلمات ادا کرتے ہوئے سپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز میں قومی دستے کی شاندار کارکردگی کو قابل فخر قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی کے موسم میں ہمارے پرعزم کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد اور جذبے کے تحت مقابلوں میں شرکت کی اور فتوحات حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں کوچز کی انتھک محنت کی مرہون منت رہیں جبکہ ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنے رویے اور اخلاق سے لوگوں کے دل جیت لیے، آئندہ بھی عالمی مقابلوں میں بھرپور انداز میں شرکت کی جائے گی۔
وزیر کھیل سندھ محمد بخش خان مہر نے سپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز میں عمدہ کارکردگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے سپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے تحت کھیلوں کے سالانہ کیلنڈر میں سپیشل گیمز کو شامل کر لیا گیا ہے، محمد بخش خان نے گیمز کے گیمز میں شریک قومی کھلاڑیوں کے لیے بطور پذیرائی 20 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا، گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی اپنے خیالات بیان کیے۔