ماسٹرز ہاکی ٹورنامنٹ ; تسنیم عثمانی کی ہیٹرک، پاک ویٹرنز (گرین) پانچ گول سے کامیاب
چوتھا مہتاب چائولہ رمضان فلڈ لائٹس ماسٹرز ہاکی ٹورنامنٹ
سابق انٹرنیشنل تسنیم عثمانی کی ہیٹرک، پاک ویٹرنز (گرین) پانچ گول سے کامیاب
ائیر پورٹ اور سینٹرل فٹنس کا میچ 1-1 گول سے جبکہ
"سی ہاکس” اور ٹیلی کام جیمخانہ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا
کراچی: چوتھے مہتاب چائولہ رمضان فلڈ لائٹس ماسٹرز ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز مزید تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا ،
اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر شاہ ہاکی اکیڈمی میں منعقدہ ایونٹ کے تیسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پاک ویٹرنز ہاکی کلب (گرین) نے بلدیہ ہاکی کلب کو باآسانی پانچ گول سے شکست دیدی ،
فاتح ٹیم کی جانب سے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی تسنیم عثمانی نے ہیٹرک اسکور کی انہوں نے میچ کے 13 ویں ، 29 ویں اور 35 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ،
ٹیم کے بقیہ دو گول محمد مختار نے پانچویں اور دسویں منٹ میں اسکور کئے ۔ دوسرا میچ سینٹرل فٹنس کلب اور ائیر پورٹ ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا جو ایک ، ایک گول سے برابر رہا ۔
ائیر پورٹ ہاکی کلب کی جانب سے آصف اسماعیل نے جبکہ سینٹرل فٹنس کی جانب سے سہیل نے گول اسکور کیا ۔ تیسرا میچ جو کہ ” سی ہاکس " ہاکی کلب اور ٹیلی کام جیمخانہ کے مابین کھیلا گیا وہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔
ان میچوں کے مہمان خصوصی کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ابوذر امرائو اور نائب صدر اولمپئین کامران اشرف تھے ، مہمانوں کا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا گیا ۔
اس موقع پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپئین سید سمیر حسین ، آرگنائزنگ سیکریٹری سید آل حسن ، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز ، عظمت پاشا ، سید صغیر حسین ، سید اسد ظہیر، امپائرز مینیجر ندیم سعید ، حاجی یونس صدیقی بھی موجود تھے۔