بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال کو میچ کے دوران دل کا دورہ
بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال کو میچ کے دوران دل کا دورہ، حالت تشویشناک
بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال پیر کو بی کے ایس پی گراؤنڈ میں ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے بعد سینے میں درد کی شدید تکلیف کے ساتھ اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔
محمڈن اسپورٹنگ کلب کی قیادت کرتے ہوئے تمیم اقبال نے شائن پوکر کرکٹ کلب کے خلاف ٹاس میں حصہ لیا لیکن بعد میں اپنے سینے میں تکلیف کی شکایت کی۔
ان کا ابتدائی طور پر گراؤنڈ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور مزید طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
محمڈن اسپورٹنگ کلب کے ایک عہدیدار طارق الاسلام نے صحافیوں کو تصدیق کی کہ تمیم اقبال اس وقت کے پی جے اسپیشلائزڈ اسپتال میں داخل ہیں۔ ’تمیم کو اس وقت طبی امداد دی جارہی ہے، ہم سب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہیں۔‘
ابتدائی طور پر تمیم کی حالت کو کافی سنگین سمجھتے ہوئے انہیں ممکنہ طور پر ڈھاکا ایئر لفٹ کرنے کا سوچا گیا تاہم طبی عملے نے ان کی طبیعت میں استحکام کی وجہ سے منتقلی کے خلاف مشورہ دیتے ہوئے انہیں بی کے ایس پی کمپلیکس کے قریب واقع ساور کے کے پی جے اسپیشلائزڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تمیم اقبال کی اس اچانک خرابی صحت کے پس منظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی طے شدہ بورڈ میٹنگ ملتوی کردی ہے، جو آج دوپہر شروع ہونا تھی۔