مہتاب چائولہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاک ویٹرنز ہاکی کلب (بلیوز) اور (گرین ) کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
سیمی فائنل میں حیدرآباد کو چھے گول سے اور کراچی فٹنس کلب کو 4-1 سے شکست
مہتاب چائولہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاک ویٹرنز ہاکی کلب (بلیوز) اور (گرین ) کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
سیمی فائنل میں حیدرآباد کو چھے گول سے اور کراچی فٹنس کلب کو 4-1 سے شکست
اولمپئین سمیر حسین کی ہیٹ ٹریک ، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان مہمان خصوصی تھے
کراچی: پاک ویٹرنز ہاکی کلب (بلیوز) اور پاک ویٹرنز ہاکی کلب (گرین ) کی ٹیمیں چوتھے مہتاب چائولہ رمضان فلڈ لائٹس ماسٹرز ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں ،
ڈی ایچ اے حیدر آباد اور کراچی فٹنس کلب کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا رہا ۔ سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان مہمان خصوصی تھے ، اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے مہمان خصوصی کا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا،
اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی ، کنوینئر اسپورٹس واصف نذر صدیقی ، کنوینئر اے آئی ٹی محسن کاظمی ، انجینئر فہد فاروقی ، ڈاکٹر زین انور علی ، انجینئر ارسلان ، قائم مقام ڈائریکٹر اسپورٹس نعمان الدین اور دیگر بھی موجود تھے،
اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر شاہ ہاکی اکیڈمی میں جاری ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاک ویٹرنز ہاکی کلب (بلیوز) نے مد مقابل ٹیم ڈی ایچ اے حیدرآباد کو یکطرفہ مقابلے میں چھے گول سے شکست دیدی ،
فاتح ٹیم کے کپتان اولمپئین سمیر حسین کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ سیمی فائنل میں بھی جاری رہا انہوں نے سیمی فائنل میں بھی ہیٹرک اسکور کی ، سمیر حسین نے 14ویں ، 22 ویں اور 39 ویں منٹ میں تین گول اسکور کئے ،
فاتح ٹیم کے بقیہ تین گول اولمپئین کاشف جواد ، واصف رضا اور عرفان خان نے بالترتیب 12 ، 17 اور 37 ویں منٹ میں بنائے حیدر آباد کی ٹیم عمدہ کھیل کے باوجود کوئی گول اسکور نہ کرسکی ۔
دوسرے سیمی فائنل میں پاک ویٹرنز ہاکی کلب (گرین) نے دلچسپ اور سنسنی خیز معارکے میں کراچی فٹنس کلب کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا ۔ میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر تھا ،
فاتح ٹیم کی جانب سے سابق انٹرنیشنل آصف احمد خان میچ کے 18ویں منٹ میں گیند کو جال کی نظر کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی جسے 24 ویں منٹ میں کراچی فٹنس کلب کے سینٹر فارورڈ افتخار نے خوبصورت گول کے ذریعے برابر کردیا ،
میچ کے 30 ویں منٹ میں اولمپئین کامران اشرف نے گول اسکور کرکے برتری 2-1 کردی اسی اثناء میں فاتح ٹیم کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا
اور کئی خطرناک حملے کئے اسی دوران سابق انٹرنیشنل محمد علی نے کھیل کے 34 ویں منٹ میں اور اولمپیئن محمد انیس نے 38 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے ٹیم کی برتری 4-1 کردی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی ۔
ان میچوں میں وقاص حسن ، ندیم سعید ، فرحان قدیر نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔