سپارٹنز نے رمضان ٹی 20 کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
رمضان ٹی 20 کپ کے فائنل میں سپارٹنز نے پی ایچ اے کو 85 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پوٹھوار کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سپارٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 191 رنز بنائے، پی ایچ اے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس (پی ایچ اے) حسنین، ڈائریکٹر پی ایچ اے شیخ طارق محمود، سابق کرکٹر مسعود انور و دیگر نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس (پی ایچ اے) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی شہر کی خوبصورتی اور کلین اینڈ گرین مشن کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو صحت افزاء اور کھیل کود کی سرگرمیاں فراہم کرنے میں پیش پیش ہے،
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔
میچ کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور آخر میں فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور ڈیڑھ لاکھ روپے انعام دیا گیا۔