35ویں نیشنل گیمز: خیبرپختونخوا بیس بال ٹیم کے ٹرائلز 5 اور 6 اپریل کو صوابی میں ہوں گے
35ویں نیشنل گیمز: خیبرپختونخوا بیس بال ٹیم کے ٹرائلز 5 اور 6 اپریل کو یارحسین صوابی میں ہوں گے
کراچی میں یکم سے 9 مئی تک منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کے لیے خیبرپختونخوا بیس بال ٹیم کی تشکیل کے لیے کھلاڑیوں کے انتخابی ٹرائلز 5 اور 6 اپریل کو یارحسین صوابی میں واقع بیس بال اکیڈمی میں ہوں گے۔
اس حوالے سے صوبائی بیس بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جہانگیر جمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کے لیے ایک مضبوط اور باصلاحیت ٹیم تیار کی جا رہی ہے،
جو اپنی مہارت اور بہترین کارکردگی کے ذریعے صوبے کا نام روشن کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، تکنیکی مہارت، اور بیس بال کی بنیادی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے تجربہ کار کوچز اور سلیکٹرز موجود ہوں گے، جو میرٹ پر ٹیم کا انتخاب کریں گے۔
جہانگیر جمال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بیس بال کے شوقین نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اور صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ "ہماری کوشش ہے کہ بہترین کھلاڑیوں کو آگے لا کر نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کو نمایاں مقام دلایا جائے۔”
انہوں نے ٹرائلز میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ 5 اپریل کو صبح 9 بجے یارحسین صوابی میں رپورٹ کریں اور مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔
ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کوچنگ اسٹاف انہیں اہم ہدایات بھی دے گا تاکہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکیں۔
یاد رہے کہ نیشنل گیمز پاکستان کا سب سے بڑا ملٹی اسپورٹس ایونٹ ہے، جس میں مختلف کھیلوں کی ٹیمیں اپنے صوبے کی نمائندگی کرتی ہیں۔ خیبرپختونخوا بیس بال ٹیم گزشتہ ایونٹس میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہے، اور اس بار بھی کھلاڑیوں سے بہترین کھیل کی توقع کی جا رہی ہے۔