خیبرپختونخوا میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کی ضرورت: اسکولوں اور کالجوں میں عملی اقدامات ناگزیر
خیبرپختونخوا میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کی ضرورت: اسکولوں اور کالجوں میں عملی اقدامات ناگزیر
رپورٹ ; غنی الرحمن
پشاور: خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد نواز ملیزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق، ٹیبل ٹینس کو اسکولوں اور کالجوں کی سطح پر مقبول بنانے کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ایک بہتر پلیٹ فارم میسر آ سکے۔
احمد نواز ملیزئی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے کوچز کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے تاکہ طلبہ کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، تعلیمی اداروں کے مابین زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ گراس روٹس لیول پر باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
انکاکہنا ہے کہ کسی بھی کھیل کے فروغ کے لیے اس کی بنیاد اسکول اور کالج کے طلبہ میں مضبوط کرنا لازمی ہوتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں کرکٹ، فٹبال، ہاکی اور والی بال جیسے کھیلوں پر زیادہ توجہ دی جاتی رہی ہے، تاہم ٹیبل ٹینس جیسے انفرادی کھیل بھی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
اگر اسکول اور کالجوں میں ٹیبل ٹینس کی باقاعدہ تربیت دی جائے اور باصلاحیت کوچز کو تعینات کیا جائے تو یہ کھیل صوبے میں تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اکثر یہ شکایت کی جاتی ہے کہ کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح پر مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جاتے، جس کی وجہ سے کئی باصلاحیت نوجوان کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے سے قاصر رہتے ہیں۔
احمد نواز ملیزئی کے مطابق، ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ہر تعلیمی ادارے میں اس کھیل کی سہولیات فراہم کی جائیں، کوچز کی تعیناتی کی جائے اور اسکولوں و کالجوں کے مابین بین الاضلاعی اور بین الصوبائی سطح پر مقابلے منعقد کیے جائیں۔
کھیلوں کے فروغ میں حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی شمولیت بھی انتہائی اہم ہوتی ہے۔ اگر حکومت ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرے اور نجی ادارے اس میں اپنا کردار ادا کریں تو نہ صرف کھلاڑیوں کو بہتر مواقع مل سکتے ہیں بلکہ صوبے میں کھیلوں کے کلچر کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ٹیبل ٹینس ایک ایسا کھیل ہے جو کم جگہ اور کم اخراجات میں کھیلا جا سکتا ہے، لیکن اس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ اسکولوں اور کالجوں میں کوچز کی تعیناتی،
تربیتی سیشنز اور مختلف مقابلوں کے انعقاد سے اس کھیل کو مقبول بنایا جا سکتا ہے، جس سے خیبرپختونخوا میں نئے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں گے۔