11ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ لاہور جمخانہ میں شروع
ملک بھر سے 550 سے زائد گالفرز کی شرکت
11ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ لاہور جمخانہ میں شروع،
ملک بھر سے 550 سے زائد گالفرز کی شرکت
لاہور: لاہور جمخانہ گالف کلب میں 11ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز ہو چکا ہے، جو 13 اپریل (اتوار) کو اختتام پذیر ہوگی۔
پاکستان گالف فیڈریشن (PGF) اور پروفیشنل گالف ایسوسی ایشن (PGA) سے منظور شدہ اس ایونٹ میں ملک بھر سے 550 سے زائد پروفیشنل، ایمیچور، جونیئر، سینئر اور خواتین گالفرز حصہ لے رہے ہیں۔
اس ایونٹ کی خاص بات 100 سرفہرست پروفیشنل کھلاڑیوں کا 72 ہولز پر مشتمل مقابلہ ہے، جس کے لیے مجموعی انعامی رقم 90 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ ایمیچور گالفرز 54 ہولز پر کھیلیں گے اور ان کے نتائج عالمی ایمیچور گالف رینکنگ (WAGR) کا حصہ بنیں گے۔
چیمپئن شپ میں سات کیٹیگریز شامل ہیں جن میں جونیئرز، سینئر ایمیچورز، خواتین ایمیچورز، جونیئر و سینئر پروفیشنلز، اور مرکزی کیٹیگریز شامل ہیں، جس سے یہ پاکستان کی سب سے جامع گالف چیمپئن شپ بن چکی ہے۔
اس موقع پر، نامزد ہولز پر ہول اِن ون کرنے والے کھلاڑی کو "ہیول جولیون 1.5 ٹی” کار انعام میں دی جائے گی۔ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے ویمنز WAGR کیٹیگری بھی متعارف کرائی گئی ہے جس میں 30 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کی لائیو اسکورنگ اور یوٹیوب پر منتخب ہولز کی براہ راست نشریات بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق ناظرین کو فراہم کی جائے گی۔
یہ ایونٹ مرحوم جے اے زمان کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے، جو ایک معروف صنعتکار، سماجی شخصیت اور اعلیٰ ظرف انسان تھے۔ ان کے اہل خانہ ہر سال اس چیمپئن شپ کے ذریعے ان کی یاد کو زندہ رکھتے ہیں اور نوجوانوں میں گالف کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپانسر حامد زمان نے کہا کہ ان کے والد مرحوم کو گالف سے خاص لگاؤ تھا، جس کو وہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے لاہور جمن خانہ کلب، ٹورنامنٹ آرگنائزر احیان ممتاز، اور تایمور انور کا شکریہ ادا کیا اور اس ایونٹ کو مستقبل میں بین الاقوامی سطح تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔
چیمپئن شپ میں پاکستان کے صفِ اول کے گالفرز جیسے شبیر اقبال، احمد بیگ، مطلوب احمد، منہاج، محمد عالم، اور زبیر شریک ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل راؤنڈ 13 اپریل بروز اتوار کھیلا جائے گا جس کے بعد تقسیمِ انعامات کی تقریب میں زمان فیملی مہمانِ خصوصی ہوگی۔ چیف آرگنائزر احیان ممتاز جبکہ چیف ریفری منازہ شاہین ہوں گی۔