شمالی کوریا: چھ سال بعد پیانگ یانگ انٹرنیشنل میراتھن کا دوبارہ آغاز
شمالی کوریا: چھ سال بعد پیانگ یانگ انٹرنیشنل میراتھن کا دوبارہ آغاز
ویب ڈیسک: شمالی کوریا میں 6 سال کے طویل وقفے کے بعد پیانگ یانگ انٹرنیشل میراتھن کا دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔ جس میں غیرملکی رنرز بھی حصہ لیں گے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا کی وجہ سے بہت سے ممالک کی جانب سے اپنی سرحدیں بند کرنے کی وجہ سے یہ میراتھن روک دی گئی تھی۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے نیوز ایجنسی اور روڈونگ سنمون نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ چین، رومانیہ اور دیگر ممالک کے کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کے لیے شمالی کوریا پہنچ چکے ہیں۔
بیجنگ میں قائم کوریو ٹورز کے جنرل مینیجر سائمن کاکریل نے کہا کہ جمعہ اور ہفتہ کو تقریباً 200 مسافر پیانگ یانگ آئے اور بیرون ملک سے آنے والے رنرز نے اتوار کی دوڑ کے لیے پیانگ یانگ کے ایک ہوٹل میں مشق کی۔
Koryo Tours Pyongyang میراتھن کا آفیشل پارٹنر ہے، جو ایونٹ کے لیے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے سائن اپ کے عمل کو ترتیب دینے میں مدد کرتا ہے۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا نے 2020 بھی کورونا کے آغاز پر اپنی سرحدوں کو بند کردیا تھا تاہم 2023 سے پابندیوں کو بتدریج کم کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت کچھ روسی سیاحوں کو ملک میں آنے کی اجازت دی گئی لیکن دارالحکومت کو اب بھی باقاعدہ سیاحت کیلئے بند رکھا گیا ہے۔
میراتھن ایونٹ آرگنائزر کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایونٹ میں کم از کم 50 ہزار ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پیانگ یانگ انٹرنیشنل میراتھن ان تقریبات میں سے ایک ہے جو 15 اپریل کو شمالی کوریا کے بانی اور موجودہ رہنما کم جونگ اُن کے دادا کم ال سنگ کی سالگرہ کے موقع پر منائی جاتی ہے۔