کرکٹ

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان ویمنز کی مسلسل دوسری کامیابی

پاکستان ویمنز نے اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان ویمنز کی مسلسل دوسری کامیابی

اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی نصف سنچریاں، فاطمہ ثنا کی چار وکٹیں۔

لاہور 12 اپریل ۔ پاکستان ویمنز نے بولنگ اور بیٹنگ میں شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے اسکاٹ لینڈ ویمنز کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے اپنے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس میچ کی خاص بات پاکستان ویمنز کی منیبہ علی اور عالیہ ریاض کی نصف سنچریاں اور کپتان فاطمہ ثنا کی 4 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔

یہ پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے آئرلینڈ کو38 رنز سے شکست دی تھی۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ دی۔ بارش کے سبب یہ میچ 32 ۔ 32 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ نے 32 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے لیکن چونکہ پاکستان کی اننگز کے دوران اسکاٹ لینڈ کی ایک فیلڈر باؤنڈری کے باہر کھڑی تھیں اور یہ بات امپائر نے نوٹ کی

جس کے نتیجے میں اسکاٹ لینڈ کے اسکور سے5 رنز منہا کرلیے گئے اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 187 کے بجائے182 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان نے 30 اعشاریہ 4 اوورز میں4 وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

اسکاٹ لینڈ کی اننگز میں کپتان کیتھرین برائس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 91 رنز اسکور کیے جو ان کے ون ڈے کریئر کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔ایلزا لسٹر نے31 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثنا نے 36 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے دو جبکہ نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی اننگز میں اوپنر منیبہ علی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کیے۔

انہوں نے عالیہ ریاض کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 93رنز کا اضافہ کیا۔ عالیہ ریاض نے 68 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

عالیہ ریاض پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم اپنا تیسرا میچ 14 اپریل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!